قرارداد پاکستان، نوائے وقت قائداعظم کے قوم کو 2 تحفے ہیں: شجاعت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے قرارداد پاکستان کے 80 سال پورے ہونے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔ نوائے وقت کے نام ایک پیغام میں چوہدری شجاہت حسین نے کہا کہ قرارداد پاکستان اور نوائے وقت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستانی قوم کو دو تحفے ہیں۔ قوم کو بابائے قوم کا شکرگزار ہونا چاہیے کہ انھوں نے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خود مختار ملک لے کر دیا۔ ہم نے اپنی نادانیوں سے 1971 میں ایک حصہ گنوا دیا، اب پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق عظیم اسلامی جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کیلئے کیلئے ہمیں دن رات کام کرنا چاہیے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو وحشیانہ سلوک ہو رہا ہے اسے قوم دیکھ رہی ہے۔ پاکستان ہمارے لئے ایک نعمت خداوندی ہے۔ اس کی قدر کرنی چاہیے اور اسے قائداعظم کے ویژن کے مطابق ایک عظیم ملک بنانا چاہیے۔ مسلم لیگی رہنما نے نوائے وقت کے اجراء کے 80 سال پورے ہونے پر اسے مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان کی ہدایت پر جاری ہونے والے اس اخبار نے مسلمانوں کی تحریک پاکستان میں رہنمائی کی اور قیام پاکستان کے بعد حمید نظامی اور مجید نظامی نے نظریہ پاکستان کے تحفظ اور پاکستان کو اقبال اور قائداعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی جمہوری فلاحی مملکت بنانے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔ توقع ہے کہ نوائے وقت اپنا یہ درخشاں کردار جاری رکھے گا۔