• news

سیکرٹری جنرل او آئی سی کے نمائندہ خصوصی پاکستان پہنچ گئے کنٹرول لائن کا دورہ کرینگے

جدہ‘ مکہ مکرمہ‘ اسلام آباد (امیر محمد خان + ممتاز بڈانی + سٹاف رپورٹر) جموں و کشمیر کے لئے او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی سفیر یوسف بن محمد الضبیعی گزشتہ روز پاکستان پہنچ گئے۔ آزاد کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ 6 رکنی وفد کی قیادت کریں گے۔ واضح رہے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ دورے کے انتظامات کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ وفد کو بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔خصوصی مندوب اور ان کے ہمراہ وفد کے ممبران بھارتی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے۔ نمائندہ خصوصی کا یہ دورہ 5 اگست 2019 کے بھارت کی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اور او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کے اجلاسوں کی قراردادوں میں شامل جموں و کشمیر تنازعہ پر ایک مضبوط پیغام کے پس منظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ او آئی سی نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے جائز حق کے لئے اپنی جدوجہد میں کشمیری عوام کی مستقل حمایت کی ہے۔ یوسف بن محمد الضبیعی کا دورہ 2 مارچ سے شروع ہو کر 6 مارچ تک جاری رہے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وفد کو جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیاجائے گا۔ نمائندہ خصوصی اپنے وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے تاکہ وہ بھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصان کا بذات خود جائزہ لے سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن