• news

جنرل باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات، علاقائی سلامتی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، بشمول دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون، تربیت، ایکس چینج پروگرام، علاقائی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے شاندار تعلقات کی ایک پوری تاریخ ہے۔ دونوں ملک اخوت کے گہرے رشتوں میں بندھے ہیں جو ایک ہمہ گیر شراکت میں بدل چکے ہیں۔ مہمان نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ استعداد کی تعریف کی اور سعودی افواج کیلئے تربیتی سہولیات کی فراہمی پر تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔ سعودی نائب وزیر دفاع نے خطہ میں امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کی مکمل حمائت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے مہمان وزیر دفاع کی طرف سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ استعداد، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں، قربانیوں اور خطہ کے امن کیلئے کردار کی تعریف کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن