پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاروں کے لئے مثبت مواقع، اصلاحاتی عمل کے بہتر نتائج آئے: اسد عمر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے برطانیہ کی کوششوں کو سراہتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاروں کیلئے بہت مواقع ہیں۔ برطانوی سرمایہ کار ٹیلی کمیونیکیشن‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) زراعت‘ صحت‘ ہائر ایجوکیشن اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے ساتھ ایک ملاقات میں کیں۔ جنہوں نے ان سے ملاقات کی تھی۔ وزارت منصوبہ بندی کے ایک پریس ریلیز کے مطابق دونوں نے اقتصادی‘ ثقافتی اور تعلیمی تعاون کو مزید توسیع دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسد عمر نے مزید کہا پاکستان میں اصلاحات کے عمل کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں کیونکہ پاکستانی معیشت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور افراط زر میں مزید کمی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے کامیاب پروگرام پر عملدرآمد کی وجہ سے پائیدار ترقی کے مرتبے پر گامزن ہے اور جلد ادائیگیوں کے توازن جیسے مسئلے پر قابو پا لے گا۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور اس کی ترقی کیلئے نجی شعبہ کاکردار اہم ہو گا۔ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ برطانوی سرمایہ کار موقع پر فائدہ اٹھائیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا برطانیہ پاکستان میں کلین انرجی موسمیاتی تبدیلی‘ صحت‘ تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مواقع تلاش کرے گا۔