• news

پارک لین ریفرنس، زرداری پر 25 مارچ کو فرد جرم

اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں زرداری پر فرد جرم کرنے کے لئے 25مارچ کی تاریخ مقررکرتے ہوئے مقررہ تاریخ پر تمام ملزموں کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ سابق صدر کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ زرداری بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے پچیس تاریخ مقرر کر دی۔ دوسری جانب احتساب عدالت میں زرداری اور فریال تالپورکیخلاف میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ خواجہ انور مجید کا کیا بنا؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا 2ملین روپے کے اخراجات کی درخواست موصول ہوئی، ملزم گرفتار ہے ویڈیو لنک کے ذریعے فردجرم عائد کی جائے، ویڈیو لنک کیلیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کوہدایات جاری کی جائیں۔ جس پر جج احتساب عدالت نے کہا اس حوالے سے تحریری درخواست دے دیں، وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ویڈیو لنک پر بیان اتنا آسان نہیں، ویڈیو لنک پر حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو لکھا جائے گا، میمو کیس میں بھی ملزم کا بیان ویڈیو لنک پر لیا گیا۔ جج احتساب عدالت کا کہنا تھا معاملے کولیگل کور کیسے دیں گے، کیا عدالت اپنا نمائندہ بھجوائے گی، وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک نے کہا جی رجسٹرار عدالت کو بھجوایا جا سکتا ہے، پرویز مشرف نے بھی بیان ویڈیو لنک پر دیا، یہاں سے کوئی نہیں گیا۔ احتساب عدالت نے فریال تالپور کے نیب کی طرف سے منجمند اکائونٹس کی بحالی کے معاملے پر فریال تالپور کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ آج طلب کر لیا ہے۔ سماعت کے دوران فریال تالپور روسٹرم پر آگئیں، اور کہا کہ نیب نے میرے اور بچوں کے بنک اکاونٹس بند کر کے بہت زیادتی کی ہے، میرے بچوں کے بہت اخراجات ہیں، روز مرہ امور اور گھر چلانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔ ہر بار اس معاملے پر تاریخ پر تاریخ دیدی جاتی ہے، فاروق نائیک نے عدالت میں نیب کا خط پڑھ کر سنایا جبکہ فریال تالپور کے بجلی، گیس، پانی، سکول فیس سمیت دیگر بلز عدالت میں پیش کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن