رانا ثناء نے نیب طلبی کا نوٹس ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
لاہور (اپنے نامہ نگارسے) رانا ثناء اللہ نے نیب کی طلبی کا نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ رانا ثناء اللہ نے درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب نے قانونی جواز کے بغیر تحقیقات کا آغاز کیا۔ نیب انہی اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے جو اے این ایف عدالت نے منجمد کر رکھے ہیں۔ انسداد منشیات اور قومی احتساب بیورو دونوں ادارے وفاق کے زیر انتظام ہیں۔ قانون کے مطابق ایک ہی معاملے پر دوہری تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔ اثاثوں کی تفصیلات پہلے سے الیکشن کمشن کو جمع کروا رکھی ہیں۔ نیب اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرکے بنیادی حقوق کی پامالی کر رہا ہے۔