• news

مہنگائی میں 2 فیصد کمی، کرونا کے باعث چین کے منسوخ آرڈر ہمیں مل رہے ہیں: گورنرسٹیٹ بنک

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو مانیٹری پالیسی اور مہنگائی پر بریفنگ دی۔ رضا باقر کا کہنا تھا کہ جولائی سے زرمبادلہ ذخائر میں ساڑھے 9 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، ذخائر بڑھتے رہے تو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سمیت کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کے آرڈر منسوخ ہو رہے ہیں اور چین کے منسوخ آرڈر اب پاکستان کو مل رہے ہیں جب کہ پاکستان کو چین سے سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے۔ ایران میں کورونا وائرس کے بھی منفی اثرات یہاں آسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر 162 سے 155 روپے کی سطح پر آچکا ہے جب کہ مہنگائی میں 2 فیصد کمی آگئی ہے اور یہ مزید کم ہوگی۔ رواں مالی سال مہنگائی 11 سے 12 فیصد رہے گی۔ مہنگائی مزید کم ہونے سے شرح سود میں بھی کمی آئے گی۔گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاشی اصلاحات میں شراکت دار ہے، آئی ایم ایف سے بات چیت کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پرہوتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ زرمبادلہ ذخائر برآمدات میں اضافے سے بڑھیں۔ لوگ فارن کرنسی اکاؤنٹس روپے میں منتقل کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن