13 اہم شخصیات ق لیگ میں شامل: خدمت کی سیاست کرتے ہیں: پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 13 اہم سیاسی رہنمائوں نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان رہنمائوں میں سابق وفاقی وزیر مشتاق احمد چیمہ، سابق ارکان پنجاب اسمبلی میاں اصغر جیویکا، دیوان اخلاق احمد، خالدگل، رائے قادر، سابق ٹائون ناظم سجاد حیدر، صداقت خان لودھی، ضیاء اللہ گجر، ریحان کسانہ، حاجی عبدالقادر، عارف چیمہ، عامر وڑائچ، خالد پرویز شامل تھے جبکہ اس موقع پر جنرل سیکرٹری (ق) لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا، سابق ایم پی اے عارف گل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں شامل ہونے والے رہنمائوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے، ایک دوسرے پر الزام تراشی کر کے وقت ضائع نہیں کرتے بلکہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں بلکہ ہمارے کام بولتے ہیں، مسلم لیگ (ق) جب اقتدار میں آئی تھی تو وہ عوامی خدمت کا دور تھا جسے عوام آج بھی یاد کرتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں نئے شامل ہونے والوں کو اہم عہدوں پر میدان میں اتارا جائے گا، ہماری پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز سے اترے گی۔