متحدہ قیادت سے ملاقات‘ ماضی کے ماڈل ملکی مسائل حل نہیں کر سکے: شاہد خاقان
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے وفد نے شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ایم کیو ایم رہنما ﺅں سے ملاقات کی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف کی ہدایت پر کراچی آئے ہیں۔ جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے ایم کیو ایم سے ملاقات ہوئی۔ اچھے ماحول میں ملکی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ آج ملک میں جمہوریت اور معیشت کو خطرات لاحق ہیں۔ ہمارے خیالات میں بڑی حد تک ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ماضی کے ماڈل پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکے۔ نئے راستے مستحین کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتوں کو مسائل حل کرنے کیلئے راستے کا تعین کرنا چاہئے۔ حکومت ناکام ہو چکی ہے ہر لمحہ معیشت پر بھاری ہے ڈیڑھ سال میں معیشت کو ناقابل یقین حد تک نقصان ہوا۔ ہم اتحادی تو آگے نہیں آئے۔ ملکی مسائل سامنے رکھے۔ سیاست میں اختلافات شکورے شکایات ہوتی رہتی ہیں۔ ایم کیو ایم کنویئر خالد مقبول صدیقی نے باتکرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وفد کی آمد پر شکر گزار ہیں۔ ن لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان تعلقات کی بڑی تاریخ ہے‘ ہمارے درمیان اختلافات بھی رہے۔ شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، دنیا کہاں جارہی ہے پاکستان کہاں جارہا ہے سب کو سوچنا چاہیے۔ہم نے 2018 میں کہا تھا کہ انتخابات متنازع ہیں، سب بیٹھیں فیصلہ کریں کہ ملک کو کیسے چلایا جائے، سب مل کر بیٹھیں اور پاکستان کے عوام کو شفاف انتخابات دیں۔ علاوہ ازیں لیگی وفد نے مزار قائد پر بھی حاضری دی اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو اندرونی خطرات پیدا کیے گئے ہیں، وہ ہمارے وجود کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک بھی کراچی پہنچے جہاں گورنر محمد زبیر اور دیگر پارٹی رہنماو¿ںبھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا دوسال میں سب نے دیکھ لیا ہے، موجودہ حکومت کا جو ماڈل دیکھا ہے وہ نہیں چل سکتا۔ آج قائداعظم کے پاکستان میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، آج ملک میں حکومت ہے، نہ ترقی اورروزگار، وزیراعظم لاپتہ ہے۔ اتنی مہنگائی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں، وہ جواب دیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا چیلنج کرتا ہوں الیکشن کرا لیں، ن لیگ سویپ کرے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے برطانیہ کو لکھے گئے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی سیاست کرنی ہے، ہمیں اپنی، دونوں جماعتیں اپوزیشن میں ہیں اور سب کا مقصد ایک ہے کہ ملک ترقی کرے۔