پاکستان کا پانی روکنے کا ایک اور بھارتی منصوبہ: جنگ ہو سکتی ہے‘ کیمرون منٹر
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکنے کا ایک اور منصوبہ بنالیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت دریائے راوی اور دریائے اجھ کا پانی پاکستان آنے سے روکنے کے لئے دریاﺅں کا رخ تبدیل کررہا ہے۔ دریائے راوی کی ایک شاخ مقبوضہ کشمیر سے ہوتی ہوئی پاکستان میں آتی ہے، اس ضمن میں ایک ٹیکنیکل رپورٹ تیار کی گئی ہے جو سرکاری سطح پر منظوری کی منتظر ہے۔ دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی پر جنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ عالمی سٹرٹیجک خطرات اور ردعمل پر بین الاقوامی کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ دنیا کو اس وقت 3 اہم مسائل کا سامنا ہے جو ماحولیات، ٹیکنالوجی اور ملکوں کے اندرونی مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات کا منافع کم ہوتا جا رہا ہے، اس لیے پاکستان کو اپنی معیشت کا دارومدار ٹیکسٹائل کی بجائے ٹیکنالوجی پر کرنا ہوگا جب کہ پاکستانی نوجوانوں کو سافٹ ویئر اور آئی ٹی سے متعلق مہارت حاصل کرنا ہوگی۔ سابق امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ بطور امریکی سفیر پاکستان کے مسائل سے اپنے ملک کو آگاہ کیا، میرے نزدیک پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی پر جنگ ہوسکتی ہے۔