پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق ہونگے: حکومت سندھ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )حکومت سندھ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں شیڈول میچز کی دوسرے منتقلی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے کی پیروی کا پابند ہے لیکن سندھ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور اس دوران سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ابھی تک کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی نے ملک میں کرونا وائرس کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار نہیں کیا البتہ تمام ٹیمیں اس سلسلے میں احتیاط سے کام لے رہی ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے میں پانچ میچز کراچی میں منعقد ہوں گے جس کا آغاز 12مارچ سے ہو گا۔کراچی راؤنڈ مرحلے کے چار میچز کی میزبانی کرے جس میں ایک میچز روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔جبکہ 17مارچ کو کراچی کا نیشنل سٹیڈیم ایونٹ کے پہلے کوالیفائر کی میزبانی بھی کرے گا جس کے بعد آخری تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔