• news

23 مارچ فتح کا دن، مسلمانوں میں نئی تحریک پیدا ہوئی: پرویزالہٰی

لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء کی قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے علیحدہ تشخص کی بنیاد رکھ دی تھی۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کی سوچ نے اس قرارداد کے ذریعے مسلمانوں کے علیحدہ ملک اور وجود کو قائم کر دیا تھا۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا 23 مارچ کا دن اصل میں مسلمانوں کے سچ اور فتح کا دن تھا اور اس قرارداد نے آگے چل کر مسلمانوں میں ایک نئی تحریک اور جذبے کو بیدار کیا تھا۔ دراصل قرارداد پاکستان ہی برصغیرکے مسلمانوں کی اصل روح ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا ہم کو قائداعظمؒ کے اقوال کی اصل روح کے مطابق ہی پاکستان کو چلانا چاہئے تاکہ دنیا میں پاکستان کو عالم اسلام کا مضبوط قلعہ ثابت کر سکیں۔ بحیثیت قوم ہم کو اس ملک کے اصل وارث بن کر ترقی کی منازل کو طے کرنا ہوگا۔ ہم عہد کریں اس دن کو اپنی زندگی میں مشن کے طور پر لیکر چلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن