پولیس میں 10633 اسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ، دس ہزار کی منظوری
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ جس میں پولیس میں10,633 منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس میں 10 ہزار سے زائد نئی آسامیوں پر بھرتی کی بھی اصولی منظوری دی۔ پٹرولنگ و آپریشنل امور کیلئے 548 گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلٰی نے کہاکہ پرانی گاڑیوں کی مرمت کیلئے فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔45 زیر تعمیر تھانوں کی عمارتوں کو رواں برس مکمل کیا جائے گا۔101 تھانوں کی اپنی عمارتیں بنائی جائیں گی اور اس مقصد کیلئے سرکاری اراضی جلد محکمہ پولیس کو منتقل کر دی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ محکمہ پولیس میں وسائل کی کمی دور کرنے اور استعدادکار بڑھانے کیلئے مرحلہ وار48.5 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں پولیس کو تقریباً ساڑھے 5ارب سے زائد فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ امن و امان کیلئے پولیس کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔ وسائل کو کارکردگی سے مشروط کیا جائے گا۔ پولیس میں میرٹ پر بھرتی کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا جائے۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر مرحلہ وار 7 ارب 75 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق ایگزیکٹو کونسل کااہم اجلاس ہوا،جس میں اجلاس کے شرکاء نے جنوبی پنجاب صوبے اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جلد آپریشنل کرنے پر اتفاق رائے کیاگیااورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام صوبے کی طرف پہلا قدم ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ہر صورت میں عمل میںلائیںگے۔ فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر ہی صرف ہوںگے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیںگے۔ ماضی کی حکومتوں نے سیاسی شو بازی کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکا دیا۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری اورسیاحت کو مشترکہ طورپر فروغ دینے کے لئے اقدامات اور جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری او رسیاحت کے فروغ کے لئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے۔ سیاحت او رسرمایہ کاری کاچولی دامن کا ساتھ ہے اورسیاحت بڑھنے سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے شعبہ سیاحت میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو مزید سہولتیں دیں گے۔ عثمان بزدار نے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امان اللہ کی فن کے شعبہ میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امان اللہ مرحوم کامیڈی کے بے تاج بادشاہ تھے اور اپنے فن میں یکتا تھے۔