سانحہ ماڈل ٹائون کے تمام ملزم پہلے سے بہتر عہدوں پر تعینات ہو گئے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں ڈاکٹر توقیر شاہ سمیت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام ملزم اور چھوٹے بڑے کردار پہلے سے بہتر عہدوں پر تعینات ہو چکے ہیں، سابق دور حکومت میں سانحہ کے ملزم حکومت بدلنے پر اپنی گرفت ہونے کے خوف میں مبتلا تھے آج پرکشش تعیناتیاں ملنے پر وہ بے خوف ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزمان کو ترقیاں ملنے اور شاندار تبدیلی پر وزیراعظم کو مبارکباد دینے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے قانونی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ خصوصی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وکلاء نے انہیں اے ٹی سی، لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر التواء اپیلوں اور استغاثہ پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عمران خان بطور اپوزیشن رہنما اپنے جلسوں، بیانات اور پریس کانفرنسوں میں سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزمان کو سزا دلوانے کی بات کرتے تھے۔ حکومت ملنے کے بعد مظلوموں کو انصاف دینا دور کی بات سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والے سوا سو کارکنوں کو انہی کے دور حکومت میں سزائیں سنائی گئیں۔ وہ پانچ اور سات سال کے لیے جیلوں میں بند اور ناکردہ گناہوں کی سزابھگت رہے ہیں۔