• news

گندم فیڈ کیلئے دی تو بحران آیا، قصور سندھ کا ہے تو بلوچستان میں قیمت کیوں بڑھی: مراد علی شاہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر سندھ حکومت نے آٹے کا بحران پید ا کیا ہے تو پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستا ن میں آٹے کی قیمتیں کیوں بڑھیں، اگر ہم اتنے قابل ہیں کہ ہر جگہ مصیبت پیدا کر دیں تو پھر وفاق اور تین صوبوں کی حکومتیں بھی ہمیں دے دیں۔ سابق آئی جی پولیس جرائم کی روک تھام میں ناکام نظر آرہے تھے جس پر انہیں تبدیل کیا گیا۔ انتظامی افسران کی تبدیلی حکومت کا حق ہے اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ اسکی مرضی سے افسران تعینات ہوں تو یہ نئے پاکستان میں رواج ہوگا ،بلاول بھٹو زرداری عوام کے حقوق کے حصول، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں ،سند ھ، بلوچستان پانی کا تنازعہ 1991کے معاہدے پر عملدآمد سے ہی ختم ہوسکتا ہے، پیپلز پارٹی بلوچستان کو اسکے وسائل پر دسترس دلوانے کے لئے پرعزم ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ آمد کے بعد پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک اور رکن سندھ اسمبلی نوابزادہ برہان خان چانڈیوکے ہمراہ جتک ہائوس کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،جتک ہائوس آمد پر حاجی علی مدد جتک نے وزیراعلیٰ سندھ کو روایتی بلوچی دستار اور چادر پہنائی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کا حق ہے کہ ان افسران کو تعینات کیا جائے جو امور بہتر انداز میں چلا سکیں۔ کچھ عرصے سے جرائم کی صورتحال پر قابو نہیں پا یا جا رہا تھا اس وجہ سے ہم نے سمجھا کہ آئی جی پو لیس کوتبد یل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے پوچھ کر افسران نہیں لگائے جائیں گے۔ اگر نئے پاکستان میں نئے رواج ڈال دئیے جائیں تو حاجی علی مدد جتک سے پوچھ کر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس بلوچستان لگا دئیے جائیں جسکی حکومت ہو اسکا حق ہے وہ افسران لگائے۔ ہم عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آٹے کا بحران پید ا کیا ہے تو پنجاب ، خیبر پختونخوا، بلوچستا ن میں آٹے کی قیمتیں کیوں بڑھیں، اگر ہم اتنے قابل ہیں کہ ہر جگہ مصیبت پیدا کر دیں تو پھر وفاق اور تین صوبوں کی حکومتیں بھی ہمیں دے دیں آٹے کا بحران غلط وقت پر گندم درآمد کرنے اور گند م کو فیڈ کیلئے دینے کی وجہ سے گندم کا بحران پیدا ہوا۔ سندھ حکومت کے پاس گندم کا ذخیرہ موجود تھاجو کمی تھی ہم نے پاسکو سے گندم خرید کر پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے بلو چستان کے لو گوں کی بہتری اور خوشحالی کے لئے ہمیشہ کوشش کی بلوچستان اور پاکستان پیپلزپارٹی دونوں ہی دہشتگردی کا شکار رہے ہیں۔ بلوچستان کے حقو ق کیلئے پا کستان پیپلز پارٹی اور سابق صدر آصف علی زرداری نے آغاز حقوق بلو چستان کا پیکج بھی دیا۔ ان کے جو معدنی وسائل ہیںان پر ان کا حق ہے انہی کو ملنا چا ہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف سمیت ہر سیاسی جماعت کو اختیار ہے کہ وہ اپنی تنظیمی معاملات کر دیکھے ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن