نمبر پلیٹس کے اجراء کیلئے 2 اداروں کی کھینچا تانی سے شہری مشکل میں ہیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گاڑیوں کی نمبرپلیٹس اور رجسٹریشن کارڈز کے جلد اجراکیلئے محکمہ ایکسائز کو فوری طور پر ٹھیکیدار کوپیسے ادا کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ دو اداروں کی کھینچا تانی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہاکہ محکمہ ایکسائز شہریوں سے رقم وصول کرنے کے باوجود رجسٹریشن کارڈز اورنمبر پلیٹس جاری نہیں کر رہا۔ محکمہ ایکسائز کی غفلت کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ یونیورسل نمبرپلیٹس کے اجراء کے ٹھیکے کی فراہمی کیلئے پیپرا بورڈ نے منظوری دیدی۔ حتمی منظوری کے لئے معاملہ صوبائی کابینہ کے پاس ہے۔ عدالت نے محکمہ ایکسائز کو فوری طور پر ٹھیکیدار کوپیسے ادا کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ دو اداروں کی کھینچا تانی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اگر عدالت نے کوئی آبزرویشن دی تو خود اداروں کیلئے مشکلات ہوں گی۔آگاہ کیا جائے کہ سیف سٹی اتھارٹی نے ابھی تک اپنا کام کیوں مکمل نہیں کیا۔