• news

ورلڈ اکنامک فورم کا نیب کی کوششوں کا اعتراف پاکستان کیلئے اعزاز: جاوید اقبال

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی آگاہی کی حکمت عملی کی تعریف ورلڈ اکنامک فورم نے اپنی عالمی مسابقتی انڈیکس رپورٹ 2019ء میں کی ہے جس کا مقصد عوام کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا ہے، عالمی مسابقتی انڈیکس میں نیب کی کوششوں کا اعتراف پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ آگاہی اور تدارک کی نیب کی حکمت عملی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے گذشتہ دو سال کے دوران بدعنوان عناصر سے بالواسطہ اور بلاواسطہ 178 ارب روپے برآمد کئے اور متعلقہ احتساب عدالتوں میں 630 مقدمات دائر کئے۔ نیب کی طرف سے کی گئی ریکوری ہزاروں متاثرین اور بعض سرکاری محکموں کو واپس کی گئی۔ اس وقت 1275 بدعنوانی کے ریفرنس 25 متعلقہ احتساب عدالتوں میں مختلف مراحل میں زیر سماعت ہیں جس میں تقریباً 943 ارب روپے کی بدعنوانی شامل ہے۔ ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جس پر عمل درآمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی مؤثر آگاہی و تدارک کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک متحرک اور باوقار ادارہ بن چکا ہے۔ پلڈاٹ، مشعل پاکستان، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، ورلڈ اکنامک فورم اور گیلپ اینڈ گیلانی جیسے مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس اور سروے میں 59 فیصد افراد نے نیب کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نیب کی مربوط کوششوں کی بدولت خدمات کی فراہمی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اس لئے نیب نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور انہیں بدعنوانی کے خاتمہ میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کی کوشش کو جاری رکھے گا تاکہ اپنے مستقبل کو بدعنوانی کی تمام اشکال سے پاک رکھا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن