• news

احسن رضا ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کرینگے

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020کے فائنل کیلئے احسن رضاکو آن فیلڈ امپائر مقرر کردیا ہے۔ ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان 8 مارچ بروز اتوار کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔احسن رضا کے ہمراہ کم کاٹن آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ گریگری بریتھ ویٹ تھرڈ اور لانگٹن روسرے فورتھ امپائر مقرر کردئیے گئے ہیں۔ میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل کرس براڈ میگا ایونٹ کے فائنل میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔اس سے قبل آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل احسن رضاکو ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے بھی آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا تھا تاہم بھارت اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے مابین سڈنی میں شیڈول سیمی فائنل بارش کی نظر ہوگیا تھا۔احسن رضا نے 2000-1993 تک بطور وکٹ کیپر بلے باز21 فرسٹ کلاس میچوں میں192 رنز بنانے کیساتھ ساتھ وکٹوں کے پیچھے 63 شکار بھی کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن