ایشیاہ کرکٹ ٹیم نیوٹرل وینیوپر کرانا پڑے گا: احسن مانی کا اعتراف
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہاہے کہ ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کرانا پڑیگا۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے ماضی میں ہرکھلاڑی کو 25, 25 ہزارڈالرز ادا کیے گئے تاہم آج کسی غیرملکی پلیئر کو پاکستان آنے کیلئے اضافی قیمت ادا نہیں کی۔ ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہی ہے تاہم ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کرانا پڑیگا، اگرایشیا کپ کی میزبانی پاکستان میں کرانے کی ضد رکھی تو بھارت نہیں آئیگا، بھارتی کرکٹ بورڈ جو مرضی کہے اس کی پروا نہیں جبکہ پی ٹی وی کے پاس براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے زیادہ صلاحیت نہیں۔واضح رہے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی معاونت کے بعد بنگلہ دیش نے پاکستان آنے میں رضامندی ظاہر کی جس پر سابق کپتان راشد لطیف نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے ڈیل ہوئی ہے اور اب ایشیا کپ پاکستان میں نہیں ہوگا۔ احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں کرانا بہت بڑا چیلنج تھا۔ پی سی بی نے چھوٹے چھوٹے قدموں سے پی ایس ایل کا پوری طرح انعقاد پاکستان میں کرایا ہے۔ یہ ہمارے لیے چیلنج تھا کیونکہ پاکستان میں دس سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ کو پوری طرح پاکستان میں لایا گیا، ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کھیلے جائیں۔ صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں دیگرسپورٹس کیلئے بھی کام کرنا ہوگا۔ ایشیا کپ بھارت یا پاکستان کا نہیں بلکہ تمام ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران کا معاملہ ہے۔ایشیاکپ کی میٹنگ کرونا وائرس کی وجہ سے ایک مہینے کیلئے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، اگر بھارت کیساتھ دو طرفہ سیریز ہوتی تو ضرور زور دیتا کہ بھارت پاکستان میں آ کر کھیلے۔ وسیم خان کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے آفر تھی لیکن ملک کی محبت انہیں پاکستان کھینچ لائی۔ کرکٹ انٹرنیشنل گیم ہے،کیا آپ کو پتا ہے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ایک پاکستانی تھے۔