خواتین دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے والی نہیں: بلاول‘ زرداری کے پیغامات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین اب بالادستی اور عورتوں سے نفرت کرنے والوں کی دھونس دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے لیئے روشنی کا مینار ہے، جنہوں نے ان کے لئے راستے منور کیئے تاکہ ان کی محنت اور جان پر فقط ان کا اختیار ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گی اور اگر وہ اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہیں تو ہر پاکستانی خاتون بینظیر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی چیئرمین نے برزور اتوار (کل) دنیا بھر میں منائے جانے والے عالمی یوم خواتین کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین مخالف اور صنفی امتیاز پر مبنی پدرانہ نظام کی حامی جماعتوں کی شدید مخالفت کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کو یقینی بنانے اور اس میں مزید اضافے کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی ماؤں اور بیٹیوں کو یقین دلایا کہ شہید بینظیر بھٹو کے فرزند کی حیثیت سے وہ ہمیشہ ان کے حقوق کے لئے کھڑے رہیں گے اور ان کی پارٹی تمام خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوات کے لئے ہر قدم کی حمایت کرے گی۔ آئی این پی کیمطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں خواتین کی عزت، احترام اور ان کی حفاظت کا درس دیتا ہے۔ جو لوگ معاشرے پر اپنی مرضی اور سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں دراصل انسانی شعور سے خوفزدہ ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین کے باے میں رجعت پسندانہ سوچ کو شکست دینے کے لئے بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، سابق صدر نے کہا کہ وہ دن گزر گئے جب خواتین کو زور اور جبر کے ذریعے خاموش کرا لیا جاتا تھا اب زمانہ تبدیل ہو چکا ہے اب خواتین اپنی قابلیت اور ذہانت سے دنیا میں باوقار مقام حاصل کر رہی ہیں۔