• news

کرونا: تفتان سرحد تجارت کیلئے کھل گئی، ایران میں نومنتخب خاتون رکن سمیت 21 جاںبحق

تفتان، تہران، ووہان(شنہوا+ نوائے وقت رپورٹ) ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد پاکستانی حکام نے حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع تفتان میں پاک ایران بارڈر کو بند کر دیا تھا اور شروع میں ایران سے آنے والے زائرین کی آمدورفت بھی روک دی گئی تھی تاہم زائرین کو بعد میں پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ لیویز حکام نے تفتان میں پاک ایران سرحد 14 روز بعد تجارت کیلئے کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بارڈر کے دروازے کھلنے کے بعد تجارت کی بحالی سے مال بردار ٹریلرز کی آمدورفت شروع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب افغانستان میں بھی کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد چمن پر پاک افغان بارڈر چھ رورز سے بند ہے جہاں باب دوستی سے ہر قسم کی دوطرفہ آمدورفت معطل ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ چین سے پاک افغان سرحد اتوار تک کھلنے کا امکان ہے۔ سرحد کھلنے کے بعد افغانستان سے آنے والے افراد کی سکریننگ ہو گی۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ،ایران کی نومنتخب رکن پارلیمنٹ فاطمہ رہبر کرونا وائرس کے باعث دم توڑ گئیں جبکہ عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ چین میںکرونا وائرس سے مزید 28 افراد ہلاک اور99 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 3070 اور متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار651 ہوگئی ہے۔ ادھر ایران کی آئندہ پارلیمنٹ کیلئے منتخب قانون ساز فاطمہ رہبر نوول کرونا وائرس کے باعث دم توڑ گئی ہیں۔ رہبر فروری میں ہونے والے الیکشن کے دوران صوبہ تہران سے ممبر قانون ساز منتخب ہوئی تھیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے ترجمان تارک جیساروک نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے وبائی کرونا مرض کے 1لاکھ سے زائد تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، انہوں نے یہ بات ہفتہ کی صبح شِنہوا کوبتائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تصدیق شدہ متاثرہ افراد میں سے 3ہزار484 مریض ہلاک ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید دو کیس سامنے آ گئے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد سات ہو گئی، دونوں مریض سعودی شہری ہیں جو ایران اور نجف سے سعودیہ پہنچے تھے۔ ادھر بیلجیئم میں کرونا وائرس کے ساٹھ نئے کیسز سامنے آ گئے ۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 169 ہو گئی۔ فرانس میں کرونا وائرس سے مزید دو افراد ہلاک ہو گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد گیارہ ہو گئی۔ کرونا وائرس سے مزید 63 افراد متاثر ہوئے جس سے متاثرین کی تعداد 716 ہو گئی ہے۔ چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والا ہلاکت خیز کرونا وائرس مقبوضہ کشمیر میں بھی پہنچ گیا جہاں پہلے مریض کی تصدیق ہو گئی ہے۔ مریض کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام سکولوں کو 31 مارچ تک کیلئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ اجتماعات پر پابندی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اسرائیل حامی گروپ کی کانفرنس کے بعد دو افراد کے طبی ٹیسٹوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، مذکورہ کانفرنس میں امریکی نائب صدر مائیک پینس اور سیکرٹری سٹیٹ مائیک پومپیو سمیت متعدد دیگر قانون سازوں نے شرکت کی تھی۔ ادارے کی جانب سے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ہم تصدیق کرتے ہیں نیو یارک سے تعلق رکھنے والے دو شرکاء میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ سلطنت عمان نے کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ وزارت صحت نے ملک بھر میں اجتماعات کو معطل کرنے کی سفارش کر دی۔ کرونا وائرس کے پیش نظر تمام سماجی اور سرکاری اجتماعات معطل کئے جائیں، بین الاقوامی کانفرنسز کو مؤخر کیا جائے سلطنت عمان میں کرونا وائرس سے اب تک سولہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس کے حوالے سے کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا چار مشتبہ افراد کے ٹیسٹ منفی آئے، کرونا وائرس کے دو مریض زیر علاج ہیں دونوں کی صحت بہتر ہے۔ سندھ میں سو افراد کے ٹیسٹ ہوئے، سندھ بھر میں 282 زائرین قرنطینہ میں ہیں۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ نئے زائرین کیلئے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے 24 گھنٹے میں 36 ہلاکتیں ہوئیں، کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 233 ہو گئی۔ ناروے میں کرونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے مزید کیسز سے ناروے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 136 ہو گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن