سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کپیٹل مارکیٹ میں لیکوڈیی بڑھانے، کاروباری آسانیوں کے لئے اصلاحات کے جامع ایجنڈا پر عمل پیرا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے کپیٹل مارکیٹ میں لیکوڈیی کو بڑھانے، کاروباری آسانیوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی عملی مشکلات کو دور کرنے کے لئے اصلاحات کے جامع ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات کے لئے مارکیٹ کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے نتیجے میں، کنسنٹریشن مارجن کی شرائط پر نظر ثانی کی گئی ہے جس کے مطابق مارکیٹ کے کسی بھی شراکت دار سے کنسنٹریشن مارجن صرف اسی صورت میں وصول کیا جائے گا اگر بروکر یا یو آئی این کے حساب سے مارجن اپنی تھریش ہولڈ کی حد تک پہنچ چکا ہو۔ اس اقدام سے مارکیٹ کے شراکت داروں کی ٹریڈنگ کرنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ اسی طرح گورنمنٹ سکیورٹیز کو تقربیاً کیش انسٹر منٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے، لہذا فیوچر مارکیٹ میں بنک گارنٹی یا نقد رقم کے عوض اب بطور گورنمنٹ سکیورٹیز کو بھی بطور کولیٹرل رکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ، مارکیٹ کے شراکت داروں کی لیکوڈیٹی کو بڑھانے کے لئے، ڈلیور ایبل فیوچر مارکیٹ میں مارک ٹو مارکیٹ منافع کا پچاس فیصد حصہ تقسیم کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ڈیلیور ایبل فیوچرز مارکیٹ میں سیٹلمنٹ ڈیفالٹ سے نمٹنے کے لئے طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے ۔ یہ میکنزم مارکیٹ میں کسی بھی بروکر کے ممکنہ دیوالیہ ہونے کی صورت میں کلیئرنگ ہاؤس کو مارکیٹ میں سسٹمک رسک کو کم کرنے کا مناسب انتظام فراہم کرے گا۔ ان ریگولیٹری اصلاحات کا مقصد مارکیٹ میں استحکام لانا اور مارکیٹ کو فروغ دینا ہے۔ ایس ای سی پی ، شراکت داروں کے تعاون اور مشاور ت سے بین الاقوامی تجربات اور مقامی مارکیٹ کی ضروریات کی روشنی میں کپیٹل مارکیٹ اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔