گورنر سندھ نے 2400 ملین روپے سے تعمیر کئے پلوں کا افتتاح کردیا
کراچی ( این این آئی)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حب سمیت پورے صوبہ کی تعمیر و ترقی وزیر اعظم کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ یہاں رہنے والے بھی تمام بنیادی سہولیات سے مستفید ہوسکیں جوکہ ان کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پیکج کے تحت سخی حسن، فائیو اسٹار اور کے ڈی اے چورنگیوں پر تعمیر ہونے والے تین پلوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، میئر کراچی وسیم اختر، سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ثمر علی خان، سی ای او صالح احمد فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ان منصوبوں کا اعلان ستمبر 2018 میں گورنر سندھ کی سربراہی میں قائم کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا تھا، ان منصوبوں کو پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی نے مکمل کیا ہے جو کہ کیبنیٹ ڈویژن کے ماتحت ہے۔ مکمل منصوبوں میں سرجانی سے لسبیلہ تک سگنل فری کوریڈور (لمبائی 16.75 کلو میٹر) جس میں چھ پل شامل ہیں ان میں سخی حسن چوراہے پر تعمیر ہونے والے پل کی لمبائی 700 میٹر ،فائیو اسٹار چورنگی پل 675 میٹر اور کے ڈی اے چورنگی پل 700 میٹر طویل ہے ،ان پر آنے اور جانے کے علیحدہ ٹریک ہیں اور ہر ٹریک تین رویہ ہے۔ان پلوں کی تعمیر پر 2400 ملین روپے لاگت آئی ہے اس منصوبے کے تحت کی جانے والی بچت سے چورنگیوں کے اطراف کی سڑکوں کی استر کاری بھی کی جارہی ہے اس کے علاوہ منگھو پیر روڈ کی تعمیر و بحالی کا 4 کلو میٹر کا پہلا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا اس منصوبہ کی کل لاگت 950 ملین روپے ہے جبکہ نشتر روڈ کی بحالی کے منصوبہ پر 650 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں جس کی لمبائی 6.4 کلو میٹر ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر کی مصروف شاہراہوں کو استعمال کرنے والے شہریوں اور صنعتی علاقے کی ٹریفک کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ منصوبے ملک کے معاشی مرکز میں سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے ضمن میں وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو عوام کی سہولت کیلئے کھولا جارہا ہے جبکہ ان کے اردگرد اضافی تعمیراتی کام 6 سے 8 ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے 162 ارب روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جن کی تکمیل سے شہر کا نقشہ بدل جائے گا۔ گرین لائن کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ اس کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جو کہ بسوں کی دستیابی پر عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرومندر سے آگے اس منصوبے کے دوسرے مرحلہ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد یہ دعوی کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان صوبہ کی ترقیاتی ضروریات پر توجہ نہیںدے رہے ان منصوبوں کا افتتاح ان کے جواب کے لئے کافی ہے۔ وزیراعظم کے تقریب میں نہ آنے کے بارے میں سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ ساری تیاریاں مکمل تھیں لیکن خراب موسم کے باعث وزیراعظم سفر نہیں کرسکے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو آسان سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے ان منصوبوں کے ضمن پر گورنر سندھ کی خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت اور معیاری تکمیل کے لئے کوشاں ہیں۔