پیپلزپارٹی مہنگائی، بیروزگاری کیخلاف جلد تحریک شروع کرے گی: نیئر بخاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے جلد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی مہنگائی بے روزگاری اور معاشی قتل کے خلاف جلد تحریک کا آغاز کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم خود تمام بحرانوں کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مطالبے کے باوجود تاحال آٹا چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ پیش نہ کرنا تشویشناک عمل ہے، ثابت ہو گیا ہے کہ رپورٹ پیش کرنے میں ذمہ داران ہی رکاوٹ ہیں۔ وزیراعظم نیب زدہ کابینہ ممبران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہیں۔ نیر بخاری نے کہا کہ. آٹا چینی بحران ذمہ داران تو آپ کے ساتھی منظر عام پر موجود ہیں۔ ڈالر پٹرول گیس بجلی چور "اپنی مانیوں" کے باوجود ابھی تک کیفر کردار کو نہیں پہنچے۔ نیئر بخاری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا سوال ہے نیب کو پی ٹی آئی حکومتی شخصیات کے خلاف کارروائی کی اجازت کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام آگاہ ہیں کہ حکومتی چھتری تلے موجود افراد کے نیب ریفرینسز پر عملدرآمد نہ ہونا معافی ہی تو ہے ۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحرک ہیں۔