• news

نوازشریف معاہدے کے تحت گئے، پنجاب حکومت رپورٹس سے مطمئن نہیں: شاہ محمود

ملتان(نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف معاہدے کے تحت پاکستان سے گئے تھے لیکن ان کی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو مطمئن نہیں کر سکیں۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اب ماحول تبدیل ہوا ہے۔ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے والی قوتیں اب ہمیں سراہ رہی ہیں، دہلی میں ٹرمپ کی تعریف پاکستان کے لئے اعزاز ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے کوشش کرتے رہیں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک معاہدے کے تحت پاکستان سے گئے تھے، انہوں نے اپنی میڈیکل رپورٹس باقاعدگی سے جمع نہیں کروائیں، ان کی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو مطمئن نہیں کر سکیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ پہچان ملے لیکن بہاولپور اور ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنائے جانے پر تنازع ہے، اگر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر پیش رفت کرنی ہے تو دیگر جماعتوں کو ساتھ ملانا پڑے گا، وزیر اعظم خود اس پر فیصلہ کریں گے، وزیر اعظم جلد ہی جنوبی پنجاب صوبے پر اجلاس بلائیں گے۔ اس اجلاس میں جنوبی پنجاب کے اراکین پارلیمنٹ کو بھی بلایا جائے گا۔ حکومت کے خاتمے کی خبروں سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے پنجاب اور وفاق میں ان ہاؤس تبدیلی نظر نہی آرہی، مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم سے ملاقات کی لیکن نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر بنگلہ دیش کے لوگوں نے احتجاج کیا۔ دلی میں پولیس کی نگرانی میں مسلمانوں کو جلایا گیا، بھارت میں بے قصور مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا، پرتشدد واقعات کو نہ روکا گیا تو پورا برصغیر لپیٹ میں آجائے گا۔
اسلام آباد(آئی ا ین پی ) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شہباز شریف کی واپسی کا معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اور پنجاب حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کریں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری (آج) پیر کو سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی کی واپسی کا معاملہ اٹھائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہبازشریف آخر وطن واپس کیوں نہیں آ رہے جس کی گارنٹی پر نوازشریف باہر گئے۔ وہ خود لندن میں بیٹھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو شہبازشریف کی نااہلی کی کارروائی کے لئے خط لکھ چکا ہوں۔ قومی اسمبلی میں سپیکر سے درخواست کروں گا کہ قائدحزب اختلاف کی گمشدگی کا نوٹس لیں۔ قائد حزب اختلاف واپس نہیں آ رہے۔ نئے اپوزیشن لیڈر کے لئے کارروائی ہونا چاہیے۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بھی شہبازشریف کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ نوازشریف کے معاملے پر شہبازشریف نے گارنٹی دی، نوازشریف کی واپسی کے ساتھ شہبازشریف کی واپسی کے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن