• news

پہلی بار کرتار پور راہداری سے نگر کیرتن جلوس گردوارہ نانک پہنچا

شکرگڑھ (نامہ نگار) انڈین سکھوں کی 73 سالوں میں پہلی مرتبہ پاکستان میں نگر کیرتن جلوس کے ہمراہ آمد سکھوں نے گردوارہ بابا گورونانک میں اپنی مذہبی رسومات بھی ادا کیں۔ بھارت سے کرتارپور راہدری کے ذریعے گردوارہ بابا گورونانک پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے سکھوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سکھ مذہبی رسومات کیلئے بیساکھی میلہ سے قبل نگر کیرتن رسم کی ادائیگی کیلئے بھارتی سکھوں کا وفد کرتارپور پہنچا۔ سکھ یاتریوں کا استقبال پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدے داروں اور ممبران نے کیا۔ کرتارپور راہداری کے راستے پہلی بار نگر کیرتن کا جلوس گرودوارہ بابا گورونانک پہنچا۔ 40 رکنی سکھ یاتریوں کے وفد نے پھولوں سے گاڑی کی سجاوٹ کے ساتھ کیرتن کے علامتی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ کرتارپور پہنچنے پر پاکستانی حکام اور سکھوں نے انکا مذہبی روایات کے مطابق استقبال کیا۔ شرکاء کیرتن جلوس مذہبی عقیدت کے مطابق اونچی آواز میں گاتے ہوئے گردوارہ باباگورونانک کرتارپور پہنچے۔ شرکاء کو سردار امیرسنگھ‘ سردار رمیش سنگھ آروڑ اور سردار اندرجیت سنگھ نے ویلکم کیا۔ سکھوں نے کرتار میں باباگورونانک کے لنگر خانہ سے لنگر بھی کھایا اور گوردوارہ باباگورونانک کی شاندار تعمیر پر حکومت پاکستان گورنمنٹ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن