• news

اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، افواہیں پھیلانے والے نا کام ہو گئے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ حکومتی اقدامات سے اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔ ہمارے کام خود بولتے ہیں۔ سابق حکمرانوں کی طرح نمائشی کام کئے ہیں نہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر اکٹھے ہیں ۔ افواہیں پھیلانے والوں کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ ہماری نیت صاف اورسمت درست ہے۔ پنجاب کو بہترین صوبہ بنانا اور عوام کو اعلیٰ ترین سہولتیں فراہم کرنا ہی ہمارا نصب العین ہے۔ سب مل جل کر کام کر رہے ہیں، کسی کو شکایت کا موقع دیا نہ دیں گے۔صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا۔ رواں سال بھی پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ پہلے بھی دیا، آئندہ بھی دیں گے۔ رواں سال گندم کی خریداری کا آغاز گزشتہ سال سے پہلے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے موثراحتیاطی اقدامات کیے ہیں اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میںقائم کنٹرول روم 24گھنٹے کام کررہا ہے۔ کرونا وائرس کی تشخیص کی سہولت ہمارے پاس موجود ہے ۔ کرونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت اور متعلقہ محکمے ہمہ وقت چوکس ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کرونا وائرس کا کوئی مریض پنجاب میں نہیں ۔عالمی ادارہ صحت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ پنجاب میں صورتحال نارمل ہے۔پاکستان میں کیس رپورٹ ہونے سے کئی روز قبل پنجاب حکومت نے اس حوالے سے احتیاطی اقدامات کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن