خوانین کو محفوظ بنانے کیلئے ہر اقدام کرینگے: عمران خان،بہادر مائوں، بہنوں، بیٹیوں پر فخر: جنرل قمر باجوہ
اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی، سپیشل رپورٹ، سٹاف رپورٹر، سپورٹس رپورٹر، نمائندہ سپورٹس) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم وہ تمام اقدامات کریں گے جن سے خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں، ہماری خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں۔ ہماری خواتین نے عالمی سطح پر بھی اپنی قابلیت کو منوایا ہے۔ اتوار کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کو برابر حقوق اور مواقع دینے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ ہماری خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں۔ ہماری خواتین نے عالمی سطح پر بھی اپنی قابلیت کو منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو یکساں مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرکے ہی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ہم وہ تمام اقدامات کریں گے جس سے خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین ہر شعبے میں قوم کی تعمیر میں حصہ لے رہی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا کہ اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے۔ آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین نے قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مائیں، بہنیں بیٹیاں خصوصاً شہدا کے خاندان ہماری قوم کا فخر ہیں۔ علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان جاری میچ دیکھا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ جب میچ دیکھنے کے لیے کرکٹ سٹیڈیم پہنچے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی ان کے ساتھ ساتھ رہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہر خاندان میں بچے کی اولین درسگاہ ماں کی گود ہوتی ہے۔ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر معاشرے میں مقام حاصل کرنا مشکل ہے۔ عورت کی صحت، تعلیم، گھر اورعوامی مقامات پر تحفظ اور معاشی اور وراثتی حقوق کی فراہمی معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے، جید علماء کرام احکامات الہی کے حوالے سے معاشرے میں خواتین کو حقوق دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے اور انہیں معاشی اور وراثتی حقوق دیئے بغیر معاشرے میں مقام حاصل کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب ہم پر تنقید کرتا رہتا ہے لیکن بتانا چاہتا ہوں کہ یورپ میں 19ویں اور 20 ویں صدی تک وراثت کا قانون ہی موجود نہیں تھا اور عورت کبھی کبھار ملکہ بن جاتی تھی لیکن اسے وراثت نہیں ملتی تھی۔ انہوں نے صوبوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 95 فیصد خواتین کو وراثت نہیں دی جا رہی جو اسلامی تعلیمات کی کسی بھی طور عکاسی نہیں بلکہ فرسودہ رسم و رواج کی وجہ سے ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس پلیٹ فارم پر علمائے کرام کو بلا کر کہا کہ خواتین کے وراثت پر اتنی بات کریں کہ آپ کی زبان تھکنی نہیں چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیر قانون سے بات کی ہے کہ ایسا قانون متعارف کرائیں کہ دو سال کی پابندی لگا دی جائے کہ کوئی خاتون اپنی وراثتی جائیداد کسی کو گفٹ نہیں کر سکے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کی معاون برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وفاقی محتسب کشمالہ طارق نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سپیکرو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے خواتین کی بے حرمتی اور ان پر جبروتشدد روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ معاشرے کو ترقی پسند بنانے کیلئے خواتین کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ خواتین کے عالمی دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے یکساں مواقع مہیا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ خواتین نے ہر شعبے میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں حق خود ارادیت کے لئے اپنی آواز بلند کرنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، جو جرات اور بہادری کی زندہ مثال ہیں۔