کرونا 103 ممالک تک پھیل گیا، سندھ نیا کیس، 11 اطالوی صوبے، ایک سعودی شہر بند
کراچی+ اسلام آباد+ ووہان+ تہران+ ریاض (خصوصی نمائندہ‘ سپیشل رپورٹ‘ شہنوا‘ نوائے وقت رپورٹ) سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق چار افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان انسٹیٹویٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس کے حوالے قائم آئسولیشن روم کا بھی دورہ کیا۔ آئسولیشن میں تعینات عملہ سے سہولیات کے بارے میں تفصیلی انتظامات، اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرز نے کہاکہ پیرامیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹر جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ ہم مربوط انداز میں صوبائی حکومتوں کیساتھ ملکر قومی ایکشن پلان کے تحت کام کررہے ہیں۔ کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ پورے ملک سے 289 مشتبہ کیسز کے نمونوں کے ٹیسٹ ہوئے ابھی تک چھ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک مریض مکمل صحت یاب ھو گیا ھے۔ ایران میں کرونا وائرس سے مزید 49افراد ہلاک ہو گئے۔ ایرانی حکام کے مطابق ایران میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد194ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے چار کیسزسامنے آگئے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد11ہو گئی۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر مشرقی علاقے قطیف کو بند کر دیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق کرونا وائرس کے تمام کیسز قطیف میں سامنے آئے ہیں۔ قطیف میں داخلے اور اخراج پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے 64کیسز رپورٹ ہو گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میںکرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد273ہو گئی۔ چین کے محکمہ صحت نے اتوار کے روز کہا ہے کہ چینی مین لینڈ میں ہفتہ کو نوول کرونا وائرس کے 44 نئے مصدقہ کیسز اور 27 اموات کی اطلاعات ملی ہیں۔ قومی صحت کمیشن کے مطابق یہ 27 اموات صوبہ ہوبے میں ہوئی ہیں۔ کمیشن کے مطابق اسی دوران 84نئے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہفتہ کے روز 1ہزار 661 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ دیا گیا جبکہ شدید بیمار افراد کی تعداد 225 کم ہوکر 5ہزار 264 ہوگئی ہے۔ ہانگ کانگ کے خصوصی انتظامی علاقے سے ہفتہ کے اختتام تک2ہلاکت سمیت 109 مصدقہ کیسز کی اطلاعات ملی ہیں،مکا ؤخصوصی انتظامی علاقے سے 10 مصدقہ کیسز اور تائیوان سے 1 ہلاکت سمیت 45 کیسز کی اطلاعات ملی ہے۔ارجنٹائن کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایک 64 سالہ شخص نوول کرونا وائرس کے باعث ہفتے کے روز انتقال کر گیا، جو وائرس سے جنوبی امریکہ میں پہلی موت ہے۔ ارجنٹا ئن میں ہفتہ تک کم از کم 9 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اٹلی کے وزیراعظم گیوسپے کونٹ نے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر اتوار کے روز پورے لمبارڈی علاقے اور کئی شمالی صوبوں کو الگ تھلگ کر نے کااعلان کر دیا ہے۔ چین نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کو 2 کروڑ امریکی ڈالر عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نوول کرونا وائرس سے پھیلنے والے وبائی مرض کے خلاف بین الاقوامی تعاون میں مدد فراہم کی جاسکے۔ دنیا کے 103 ممالک کرونا وائرس کی زد میں آ گئے۔ خطرناک وائرس سے دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 3600 ہو گئی۔ جنوبی کوریا میں مزید 2 افراد کی موت کے ساتھ تعداد 50 ہو گئی، اٹلی میں وائرس 233 افراد کی جان لے گیا۔ ایران میں مرنے والوں کی تعداد 145 ہو گئی۔ شمالی اٹلی میں ایک کروڑ 6 لاکھ افراد پر مشتمل علاقے کو لاک ڈائون کر دیا گیا۔ میلان اور سیاحتی مقام وینس بھی ہنگامی اقدامات کی زد میں آ گئے ہیں۔ فرانس نے ملک بھر میں سکولوں کو بند کر دیا ۔ 15 امریکی شہریوں کو بھی قرنطینہ میں ڈال دیا گیا۔ ایران میں حکام نے عندیہ دیا ہے کہ شہروں کے درمیان سفر اور نقل و حرکت پر پابندی لگانے کے لیے طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کرونا وائرس کے خطرات کے باعث جاپان کی کابینہ نے حکومت کو چین اور جنوبی کوریا سے آنے والے افراد کے ویزے معطل کرنے کا اختیار دینے کی پالیسی منظور کر لی۔سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر القطیف میں آئندہ دو ہفتے کیلئے سکول اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مصر کی خاتون وزیر صحت ھالہ زاہد نے کہا الاقصر گورنری میں ساحل سمندر پر پہنچنے والی ایک سیاحتی کشتی میں کرونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 12 سے بڑھ کر 45 تک پہنچ گئی ہے۔سعودی عرب میں فٹبال سمیت تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا کرونا کے شکار ممالک سے اقامہ ہولڈر یا نئے ویزے پر آنے والے غیرملکیوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے باعث دنیا میں لگ بھگ تین کروڑ بچوں نے سکول جانا چھوڑ دیا ہے۔ اٹلی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مشہور شہر وینس اور تجارتی مرکز میلان سمیت ملک کے شمالی علاقے کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلائو کے تناظر میں بڑی امریکی ریاستوں میں شمار کی جانے والی ریاست نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے 15 ملین افراد (1.5 کروڑ) ہلاک ہونگے اور اس کی وجہ سے عالمی معیشت پر 2.3 کھرب ڈالر کی ضرب پڑے گی۔ آسٹریلیا نیشنل یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی ریسرچ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس وائرس کا پھیلائو خطرناک حد تک بڑھ جائے گا۔ بدترین صورت میں اموات کی تعداد ناقابل قیاس ہو جائے گی۔ بعض ممالک میں معیشت 8 فیصد تک گھٹ جائے گی۔ برطانیہ اور امریکہ میں لاکھوں افراد کی موت کے بشمول 68 ملین افراد کو موت کا مزہ چکھنا پڑ سکتا ہے۔ظفر مرزا نے کہا کہ متاثرین کی پریشانیوں کا احساس ہے، چین کے ووہان شہر میں 739پاکستانی طلبا ہیں۔ ووہان میں 5400غیر ملکی طلباء ہیں30سے 35ممالک نے اپنے طلبا نکال لئے پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اپنے شہریوں کو نہیں نکالا۔ چین نے شہریوں کو نکالنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ چین سے پاکستان آنے والے کو وہاں 14دن قرنیطنہ میں رہنا ہو گا اور ووہان سے کسی کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں۔ ایئر پورٹس پر سکریننگ کے اقدامات کئے گئے ہیں چین سے کرونا وائرس کا کوئی کیس پاکستان منتقل نہیں ہوا۔ ایران اور پاکستان کے درمیان ایئر ٹریفک بند ہے۔ اٹلی کے آرمی چیف کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آگیا۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق اطالوی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سالواتور فارینا میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد انہیں ان کے گھر میں ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسٹ کا مثبت نتیجہ آنے کے باعث وہ خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں۔ ان کی جگہ چیف آف سٹاف جنرل فیڈریکو بوناٹو کو آرمی چیف کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔