نوائے وقت کی بے مثال جدوجہد کے نتیجہ میں73 کا آئین بنا: جنرل (ر) اسلم بیگ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے قرارداد پاکستان کے اسی(80) سال پورے ہونے پر نوائے وقت کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء کو قائداعظم نے جناب حمید نظامی کو ہدایت کی کہ وہ تحریک پاکستان کے مقاصد کو اجاگر کرنے کے لیے ’’نوائے وقت‘‘ کا اجراء کریں۔ اسی جدوجہد میں نوائے وقت نے اپنی زندگی کے اسی(80) برس بے مثال جدوجہد کی ہے جس کے نتیجے میں 1973ء کا آئین بنا جس میں پاکستانی قوم کے ’’نظریہ حیات‘‘ کی تشریح کی گئی ہے کہ:’’پاکستان کا نظام حکومت جمہوری ہوگا جس کی بنیادیں قرآن و سنت کے اصولوں پر قائم ہوں گی۔‘‘لیکن ہمیں افسوس ہے کہ آج لبرل ازم اور سیکولرازم کے اصول اپنائے جا رہے ہیں جو ہمیں ایک خطرناک نظریاتی تصادم کی طرف لے جا رہے ہیں۔ مسجد تو بنا لی شب بھر میںایماں کی حرارت والوں نے من اپنا پرانا پاپی ہے برسوں میں نمازی بن نہ سکا‘ اس نظریاتی تصادم سے بچنے کے لئے نوائے وقت کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ مجید نظامی مرحوم کی روح کو سکون اورایصال ثواب کی خاطر ’’نظریہ حیات‘‘ کی تحریک کو نئی جہت دینے کی ضرورت ہے۔