شام: آئل ٹینکرنے درجنوں گاڑیوں کو روند ڈالا، 32 ہلاک، 77 زخمی
دمشق (آئی این پی+انٹرنیشنل ڈیسک ) شام کی مرکزی شاہراہ پر ایک تیز رفتار آئل ٹینکر نے بے قابو ہو کر 2 مسافر بسوں اور 15 موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 77 ہو گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات شام کے دار الحکومت دمشق کے مضافات میں دمشق- حمص ہائی وے پرحادثہ پیش آیا۔ شام میں دارالحکومت کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ایک تیز رفتار آئل ٹینکر کے بریک فیل ہوگئے جس کے باعث ٹینکر نے پہلے دو مسافر بسوں کو ٹکر مار کر تباہ کردیا اور پھر 15 سے زائد موٹر سائیکلوں کو کچل ڈالا۔شام کے وزیر داخلہ نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ یہ حادثہ ٹینکر کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا جس کے سبب ٹینکر دو مسافر بسوں اور پندرہ کاروں سے ٹکراگیا۔ ان بسوں میں عراقی مسافر سوار تھے۔حادثے میں مجموعی طور پر 32 افراد ہلاک اور 77 زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر عراق کے شیعہ زائرین تھے جو شام میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے جا رہے ہیں اور حادثے کا شکار ہوگئے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 13 افراد کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔