بھارت کو عبرناک شکست، آسٹریلیا ویمنز ٹی ٹونٹی کا پانچویں بار عالمی چیمپئن
لاہور(سپورٹس ڈیسک) ویمنز ورلڈکپ ٹی 20 میں آسٹریلیا نے 85 رنز سے بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو 185 رنز کا ہدف دیا۔ الیسے ہیلی نے39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے ۔ بیتھ مونے نے 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مقررہ 20 اوورز میں آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا کر بھارت کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 99 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ دپیتی شرما 35 رنز بنا کر نمایاں رہیں ۔ میگن سکاٹ نے 4 اور جیز جانسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔الیسے ہیلی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آسٹریلوی ویمن ٹیم ٹی20 ورلڈکپ میں پانچویں مرتبہ فاتح قرار پائی ۔میچ میں 86 ہزار شائقین نے شرکت کی۔ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور آسٹریلوی فاسٹ بائولر مچل سٹارک بھی شامل تھے۔فائنل میں امپائرنگ پاکستان کے احسن رضا اور نیوزی لینڈ کی کم کاٹن نے کی۔