• news

کرونا : کراچی میں 9نئے مریض ، پاک افغان سرحد مزید ایک ہفتہ کیلئے بند ، 43ایرانی جاں بحق

اسلام آباد+چمن+ ووہان+ تہران+ ریاض (شہنوا‘ سٹاف رپورٹر‘ خصوصی نمائندہ، نیٹ نیوز) کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ کرونا وائرس کے پانچ مریض شام سے براستہ دوحہ پاکستان پہنچے جبکہ تین مریض دبئی کے راستے لندن سے کراچی پہنچے ہیں۔ کرونا وائرس کے مزید دو مریضوں کی حالت بہتر ہے۔ وزیراعظم کے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں میں وبائی امراض کی فوری روک تھام اور نظام کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے اور وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ڈی ایس آر یو قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد وبائی امراض کی مسلسل نگرانی اور فوری کاروائی کا مربوط نظام ملک میں موجودہو۔ گزشتہ روز یہاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کرونا وائرس سے بچاؤ کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر سید توقیر شاہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت پاک فوج کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تمام ایئرپورٹس اور زمینی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام موجود ہے۔ پانچ مارچ کو 22000 مسافروں کی سکریننگ ہوئی ابھی تک سات لاکھ نوے ہزار مسافرین کی زمینی اور ہوائی راستوں پر سکریننگ کی گئی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ڈی ایس آر یو قابل ڈاکٹرز او ماہرین صحت پر مشتمل ہو گا جو وبائی امراض کی روک تھام کیلئے کلیدی رول ادا کرے گا۔ معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مؤثر اور مربوط حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے، ہائی رسک یونین کونسلز میں پولیو کے وائرس کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، دسمبر کے مقابلے میں فروری مہم زیادہ کامیاب رہی۔ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید 14 کیسز سامنے آ گئے۔ یو اے ای میں کرونا مریضوں کی تعداد 59 ہو گئی۔ جرمنی میں کرونا وائرس سے 2 ہلاکتیں ہوئی ہیں جرمنی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں پاک افغان بارڈر کو مزید ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستانی حکام نے گزشتہ ہفتے چمن میں پاک افغان بارڈر کو ایک ہفتے کیلیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی بندش میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان بارڈر کو مزید ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے جس کے بعد پیر کو آٹھویں روز بھی بارڈر بند رہا۔ سکیورٹی حکام نے بتایا کہ باب دوستی سے ہر قسم کی دوطرفہ آمدورفت معطل ہے اور سرحد سے آنے والوں کی سکریننگ بھی جاری ہے۔ محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ پاک افغان سرحد پر 15 ہزار سے زائد افراد کی سکریننگ کی جاچکی ہے اور سرحد کھلنے کے بعد سکریننگ کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ قطر کی جانب سے لگائی گئی نئی پابندیوں کا اطلاق بھی کردیا گیا ہے، جس کے تحت کراچی سے دوحا جانے والی قطر ائیر ویز کی پرواز سے سیاحتی ویزے پر جانے والے 48 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرین کے 7 ہزار 375 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ میں مزید 3 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی جبکہ 526 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ امریکہ کی 30 ریاستوں میں کورونا وائرس پھیلنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اسرائیل نے کرونا وائرس سے بچائو کے لیے اقدامات سخت کیے ہیں۔ فرانس، آسٹریا، جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور سپین سے آنے والے سیاحوں کے اسرائیل میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی قرنطینہ منتقل کردیے گئے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد تمام تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں ریاستی وزیر صحت نے اطلاع دی ہے کہ ریاست میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ بھارت میں اب وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 39 ہوگئی ہے۔ قطر نے کرونا وائس پھیلنے کے خدشہ کی وجہ سے چودہ ملکوں کے شہریوں کی قطر آمد پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ ان ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے۔ دوحہ میں میں قائم پاکستانی سفارتخانہ کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے پابندی وزٹ ویزہ، فیملی وزٹ ویزہ، اقامہ رکھنے والوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔ سفارتخانے کے مطابق وہ قطر کی وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورت حال سے پاکستانی شہریوں کوآگاہ رکھا جائے گا۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے اختیاط کیلئے وزیر اسلامی امور و دعوت وارشاد ڈاکٹر عبداللطیف آل شیخ نے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے خطبہ اور نماز جمعہ کا دورانیہ 15منٹ تک محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اذان اور نماز کا درمیانی وقفہ بھی 10منٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سعودی عرب نے وبائی کرونا وائرس کیخلاف حفاظتی اقدامات کے تحت اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے 9 ممالک کا سفر کرنے کی پابندی لگا دی، یہ اعلان پیر کے روز کیا گیا۔ ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، جمہوریا کوریا، مصر، اٹلی اور عراق شامل ہیں۔ اس فیصلے سے ان ممالک سے آنے والے اور وہ افراد جو ان کی آمد سے 14 دن پہلے وہاں موجود تھے کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 15ہے۔ چین کی وزارت شہری امور کے مطابق اتوار تک 53 کمیونٹی ورکرز کرونا وائرس وبائی مرض کی روک تھام اور قابو پانے کے لئے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان قربان کر چکے ہیں۔ ان میں سے 49 کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اراکین تھے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے باعث ہلاکتو ںکا سلسلہ جاری ہے۔ برسلز میں واقع نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی تنظیم (نیٹو) نے پیر کی صبح اپنے ہیڈ کوارٹر میں ناول کورونا وائرس انفیکشن کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اٹلی میں تعطیل سے واپس آئے عملے کے ایک ممبر کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ چین میں مزید 22افراد ہلاک ہوگئے۔ ایران میںکرونا سے ہلاکتیں 237 اور مصدقہ مریضوںکی تعداد7161 ہوگئی جبکہ 70ہزار قیدیوں کو جیلوں سے رہا کردیا گیا۔ جاپان میں مز ید 33افراد وائرس سے متاثر‘ مجمو عی تعداد 480 اوراموات 14 ہو گئیں۔ جرمنی میں مریضوں کی تعداد 902 ہوگئی۔ وزیرصحت نے تمام بڑی تقریبات ملتوی کرنے کا مشورہ دیدیا۔ فلپائن نے عوامی صحت کی ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔ امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی۔ کینیڈا نے کیلی فورنیا کے ساحل پر روکے جا نے والے کروز جہاز سے خصوصی طیارہ کے ذریعے اپنے کینیڈین شہریوں کو واپس لانے کا اعلان کردیا۔ اتوار کے آخر تک چینی مین لینڈ پر مصدقہ مریضوں کی کل تعداد 80ہزار 735ہوگئی جن میں سے 19ہزار 16 مریضوں کا تاحال علاج جاری ہے جبکہ 58ہزار600 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کیا جاچکا ہے۔ مرض کی وجہ سے 3ہزار 119 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اتوار کے آخر تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 3 ہلاکتوں سمیت 114 مریضوں، مکاؤ خصوصی انتظامی علاقہ میں 10 مصدقہ مریضوں جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 45 مصدقہ مریضوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ ہانگ کانگ میں 59، مکاؤ میں 10 اور تائیوان میں 15 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کیا جا چکا ہے۔ چین کے خیراتی اداروں اور ریڈ کراس سوسائٹی کو نوول کرونا وائرس کیخلاف جنگ کے دوران اتوار کے آخر تک 29ارب 29کروڑ یوآن (تقریبا4ارب 23کروڑ امریکی ڈالر) کے عطیات اور 52کروڑ20لاکھ اشیا کا عطیہ وصول ہوا ہے۔ ایران میں نوول کورونا وائرس کی وبا سے7ہزار161 افراد متاثر ہوئے ہیں،متاثرہ کل افراد میں سے237 ہلاک ہو چکے ہیں۔ تہران میں انفیکشن کے کیسز کی تعداد 1ہزار 945 ہے جو ملک بھر کے تمام صوبوں میں سب سے زیادہ ہے۔ ادھر ایران نے کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر70ہزار قیدیوں کو جیلوں سے رہا کردیا۔ ریاست نیویارک میں کروناوائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 105 تک پہنچ گئی ہے۔ جرمنی میں نوول کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلا کی وجہ سے وفاقی وزیر صحت ینس سپان نے تجویز پیش کی ہے کہ 1ہزار سے زائد شرکا والی تقریبات کو فی الحال ملتوی کیا جائے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کل مصدقہ مریضوں کی تعداداب ایک لاکھ 5 ہزار586 ہو چکی ہے جوکہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ہزار 656 زیادہ ہے جن میں چین سے باہر کے 3 ہزار 610 کیسز بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب کینیڈا نے کرونا وائرس کے پھیلا کے با عث کیلی فورنیا کے ساحل پر روکے جا نے والے کروز جہاز سے خصوصی طیارہ کے ذریعے اپنے کینیڈین شہریوں کو واپس لا نے کا اعلان کیا ہے۔ پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو دی سوسا کو نجی رہائش گاہ پر 2 ہفتوں کیلئے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ شمالی کوریا میں تاحال کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے لیکن حکومت نے ملک بھر میں انتہائی سخت پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں جن کے تحت سرحدیں بند اور ہزاروں افراد کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سفارتکاروں سمیت سینکڑوں غیر ملکیوں کو ان کے علاقوں میں ناکہ بندی کر کے محدود کر دیا گیا اور گزشتہ ہفتے تقریباً ایک ماہ سے عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد 200 غیر ملکیوں کو ان کے علاقوں سے نکلنے کی اجازت دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا سے غیر ملکیوں اور سفیروں کو انخلاء کی اجازت ملنے کے بعد ان کے لئے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ نے گزشتہ ماہ ملک میں وائرس پھیلنے کی صورت میں خطرناک نتائج سے خبردار کیا تھا جبکہ انہوں نے ملک میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید 10کیسز سامنے آگئے۔ نئے دریافت شدہ مریضوں میں چار اماراتی اور تین اطالوی شہری ہیں۔ تمام متاثرہ افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے‘ حالت خطرے سے باہر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن