گلگت : کوسٹر دریائے سندھ میں جاگری ، کوہ پیما شبیر سدپارہ سمیت 26جاں بحق
گلگت(نامہ نگار) گلگت سے سکردو جانے والی کوسٹر روندو کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریائے سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں مشہور کوہ پیما شبیر حسین سدپارہ، ڈرائیور، خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سکردو ضلعی انتظامیہ کا حادثے کے متعلق کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے جو دوران علاج چل بسے جبکہ دریا برد ہونے والے 9 افراد کی نعشیں نکال کر آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو پہنچا دی گئیں ہیں جہاں شناخت کے بعد لواحقین کے حولے کر دیا گیا۔ ادھر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سکردو روڈ پر ہونے والے المناک حادثے کی تحقیقات کے لئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ اس ٹریفک حادثے میں 2019 میں دنیا کی دوسری بلند چوٹی سر کرنے والے شبیر حسین بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔