ڈالر اوپن مارکیٹ میں 2.70 ، سونا 700 روپے تولہ مہنگا
لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں تو اضافہ نہیں ہوا لیکن پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث ایک تولہ سونے کی قیمت 700روپے اضافے سے 95200روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 34 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں بھی 2 روپے 70 پیسے مہنگا ہو گیا۔ روپے کی قدر میں کمی کے باعث ملک پر غیر ملکی قرضوں کا بوجھ259 ارب 85 کروڑ روپے بڑھ گیا ہے۔ ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ شروع ہو گیا۔ یورو اور پائونڈ کی قدر بھی بڑھ گئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 1.52 فیصد تک گر گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 2 روپے 34 پیسے کے اضافے سے 156 روپے 58 پیسے رہی۔ یورو کی قدر 4 روپے 41 پیسے بڑھ کر 178 روپے 29 پیسے اور برطانوی پائونڈ کی قدر 5 روپے 41 پیسے بڑھ کر 205 روپے 67 پیسے ہو گئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 157 روپے ہو گئی۔ یورو 5 روپے 10 پیسے مہنگا ہو کر 176 روپے 80 پیسے کا ہو گیاجبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 3 روپے 80 پیسے کے اضافے 203 روپے 50 پیسے ہو گئی۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک پر غیر ملکی قرضوں کے مجموعی بوجھ میں 259 ارب 85 کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ایل این جی 0.17 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کر دی گئی۔ اوگرا نے مارچ کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مارچ کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت 11.36 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔ فروری میں ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 11.19 ڈالر تھی۔