• news

باغبانپورہ : نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ ، 40سالہ شخص بیوی ، سوتیلی بیٹی سمیت جاں بحق

لاہور+فیروز والہ(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)شہر میںتہرے قتل کی واردات‘ باغبانپورہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر 40سالہ شخص کو بیوی اور سوتیلی بیٹی سمیت فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ علاقے میں تہرے قتل کی سفاکانہ واردات کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے احمد ٹائون میں وقاص اپنی بیوی رضیہ اور سوتیلی بیٹی مضفیرہ کے ہمراہ رہائش پزیر تھا، گزشتہ روز وقاص کی بہن نیلم فون اٹینڈ نہ ہونے پر پریشان ہو کر اس کے گھر پہنچی تو دیکھا کہ وقاص رضیہ اور مضفیرہ کی خون میں لت پت لاشیں بیڈ روم میں پڑی تھیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیاگیا تھا نیلم کی اطلاع پر پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق رضیہ نے4 سال قبل اپنے شوہر کلیم سے طلاق لے کر وقاص سے شادی کی تھی وہ اپنی 14سالہ بیٹی مضفیرہ جو پہلے خاوند سے تھی کیساتھ رہائش پذیر تھی۔ دونوں میاں بیوی مقامی فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ قیصر ٹائون میں نقاب پو ش موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے پروفیسر سید ذوالفقار علی شاہ کو ہلاک کر دیا۔ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ ڈگری کالج کامونکی کا پروفیسر سید ذوالفقار علی شاہ اپنے بھائیوں اور ساتھی کے ہمراہ ورزش کرنے کیلئے قریبی گرائونڈ میں جا رہے تھے جب راستے میں پہنچتے تو گھات لگائے ہوئے نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے انہیں دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے۔ طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جا رہے تھے کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ شاہدرہ پولیس نے مقتول کے بھائی سید حسنات علی شاہ کی رپورٹ پر ملزموں کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن