• news

ٹانک میں آپریشن ، کرنل شہید، 2دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+وقائع نگار خصوصی+خصوصی نمائندہ) خیبر پی کے کے جنوبی شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان کے قریب ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام دی۔ اس کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے جو ہائی ویلیو ٹارگٹ تھے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمن شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ خفیہ معلومات کی بنا پر فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے قریب ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔ جیسے ہی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا کہ کرنل مجیب الرحمن کا تعلق ضلع استور کے علاقے بنجی سے تھا اور انہوں نے بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹانک، جنوبی خیبر پی کے میں ڈیرہ اسماعیل خان کے بعد دوسرا بڑا شہر ہے جو جنوبی وزیرستان کا دروازہ بھی کہلاتا ہے۔ یہاں مقامی آبادی کے علاوہ بڑی تعداد میں محسود قبائل بھی مقیم ہیں، تاہم جنوبی وزیرستان میں شورش سے پہلے بھی محسود شہری علاقوں میں رہائش اختیار کرنے کیلئے ٹانک کا ہی رخ کرتے تھے۔ صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمن کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔ فورسز نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمن کے حوصلے کو سراہا۔ وزیراعظم نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر ان کی تعریف کی اور جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمن کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم مسلح فورسز اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔ بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے اور امن بحال ہے۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی ڈی آئی خان میں دہشت گرد منصوبہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہید کرنل مجیب الرحمن کیلئے دعا کی۔ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ امن کیلئے قربانی دینے والوں کو عوام سلام پیش کرتے ہیں۔ دشمن کے خلاف جس بہادری سے پاک افواج لڑتی ہے، اس کی مثال نہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے آپریشن میں شہید کرنل مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرنل مجیب الرحمن جیسے بہادر بیٹے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، ہمیں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ پوری قوم فرنٹ لائن پر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔ پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ آصف زرداری، شہبازشریف اور دیگر رہنمائوں نے بھی کرنل مجیب الرحمن کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہمارے شہید ہمارا فخر ہیں، پوری قوم کرنل مجیب الرحمان شہید کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،کرنل مجیب الرحمن نے قوم کے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت، سکیورٹی اداروں، عوام اور پارلیمان کا عزم غیر متزلزل ہے اور دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے ان بہادر سپوتوں پر ہمیں فخر ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ دہشت گرد تخریبی کارروائیوں سے پاکستان میں ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا دہشت گردی کے واقعات ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے۔ پوری قوم متحد ہے اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ سینیٹر سید شبلی فراز، قائد حزب اختلاف سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے بھی شہید کرنل مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ شہدا ہمارے سروں کا تاج اور قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن