وفاقی کابینہ اجلاس آج طلب 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے آج (منگل) وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں بجلی قیمتوں پر کابینہ کو بریفنگ اور گریڈ1سے15تک اسلام آبادکے ڈومیسائل پر نوکری کوٹہ دگنا کرنے کی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں11 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا، اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے بجلی قیمتوں پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری حکومت کے خصوصی اقدامات پر بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں حکومت کے خودمختار اداروں، محکموں کی تشکیل نوسے متعلق رپورٹ پیش کی جائے کی جبکہ کابینہ بھارت سے کیڑے مار ادویات درآمدکرنے کی درخواست پرغورکرے گی اور حفاظتی آلات کی برآمد پر پابندی کی بھی منظوری دے گی۔ چیئرمین ایس ای سی پی کی تعیناتی، گریڈ1سے15تک اسلام آبادکے ڈومیسائل پر نوکری کوٹہ دگنا کرنے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جنرل منیجرایڈمن کی تعیناتی کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔ کابینہ کے اب تک فیصلوں کی عملدرآمد رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی جائے گی، کابینہ پاکستان حلال اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی اور ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔