حکومت مدت پوری کریگی ، سازشیں کرنے والے پہلے اپنے دور کا حساب دیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جہانگیر خان ترین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرے گی۔ موجودہ حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے پہلے اپنے دور کی لوٹ مار کا حساب دیں۔ ملک کو کنگال کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے۔ سازشی عناصر پہلے کی طرح آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ پراپیگنڈا کرنے والوں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈیڑھ برس میں عوامی فلاح کے پائیدار کام کئے ہیں۔ ماضی کے حکمران ذاتی نمود و نمائش پر اربوں روپے صرف کرتے رہے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ ہم کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ عثمان بزدار نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود اور دیگر متعلقہ امور طے کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود سے متعلق امور، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، ترقی میں برابر کا حصہ دیںگے۔ پنجاب میں پہلی بار ہولی اور دیوالی گرانٹ دی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے اور خوشیوں کے تہوار مل کر منانے سے یگانگت ، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ شہید کرنل مجیب الرحمن کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہید کرنل مجیب الرحمان نے فرض کی ادائیگی میں اپنی زندگی پاک دھرتی پر قربان کی۔ عثمان بزدار نے باغبانپورہ میں گھر سے 3 لاشیں ملنے ، گرین ٹائون میں 4 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دریائے سندھ میں مسافر کوچ گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔