ایشیاء کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دیئے جانے کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشیاء کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے تاہم بھارت کی جانب سے انکار کے بعد یہ ٹورنامنٹ بنگلہ دیش میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔کرکٹ پاکستان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مابین یہ معاہدہ طے پایا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر ایشیاء کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دے دی جائے گی۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن جو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے بھی صدر ہیں نے پی سی بی کو یقین دلایا تھا کہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو بنگلہ دیش میں ٹیم بھیجنے پر رضا مند کر لیں گے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر ہو گا تاہم انہوں نے وینیو کا نام لینے سے گریز کیا۔خیال رہے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے اعلان کیا تھا کہ ایشیا کپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں حصہ لیں گی۔ان کے اس بیان پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ گنگولی نہیں ایشین کرکٹ کونسل کرے گی۔