وزیراعلیٰ سے ملاقات پر پارٹی مشاورت جاری، جو فیصلہ ہوا کارروائی ہوگی: حمزہ
لاہور (نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوگ بھوک سے مررہے ہیں اور نالائق حکمران ارکان کی وفاداریاں تبدیل کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ کوششیں حکمرانوں کی پہلے بھی ناکام ہوئی تھیں آئندہ بھی وہ اپنے ناکام عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکمران عوام کی دہائیاں سنیں جو بھوک، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نڈھال ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بارے میں معلوم ہوا ہے، پارٹی میں مشاورت ہو رہی ہے جو بھی فیصلہ ہوا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ جو توقعات اور سبز باغ عوام کو دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برسے ہیں۔ ہر چیز کا منطقی انجام ہوتا ہے لیکن ان سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ 20 ماہ ہو گئے ہیں میری ایک ہی بات ہے اگر یہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی نسبت 25 فی صد بھی پرفارم کر جائے تو شاباش دوں گا۔ معیشت کے برے حالات ہیں۔ سفید پوش طبقہ اور تاجر برادری معیشت کا رونا رو رہے ہیں۔ عوام کو تشویش ہے اگر حکومت کی کارکردگی اسی طرح جاری رہی تو ہم مزید سیاسی گرداب میں پھنس جائیں گے۔ احتساب کے نام پر تماشا ہورہا ہے۔ پوری قوم دیکھ رہی ہے نیازی حسد اور بغض کی آگ میں جل رہے ہیں۔ احتساب نہیں انتقام اور تماشا کیا جارہا ہے۔