• news

نوائے وقت قومی امنگوں کا ترجمان، رہنما کا کردار ادا کیا: جسٹس(ر) محبوب احمد

لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور ریٹائرڈ چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت میاں محبوب احمد نے کہا ہے کہ نوائے وقت اپنے آغاز سے لے کر آج تک استقامت کے ساتھ قومی امنگوں کی ترجمانی کر رہا ہے۔ نوائے وقت کے بانی ایڈیٹر حمید نظامی مرحوم نے تحریک پاکستان کے دوران بطور طالب علم متحرک کردار ادا کیا اور قائداعظم کے حکم پر 23 مارچ1940ء کے تاریخی دن نوائے وقت کا اجراء کر کے تحریک پاکستان میں نئی روح پھونک دی۔ بعدازاں مجید نظامی صاحب نے 50سال سے زائد نوائے وقت کی ادارت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اپنے مرحوم بھائی اور قائداعظم کے گلشن کی خوب آبیاری کی۔ مجید نظامی تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی تھے جس کے تحت اب تک پندرہ سو سے زائد کارکنان تحریک پاکستان کو گولڈ میڈل دیئے جا چکے ہیں۔ ان کی کاوشوں سے کارکنان تحریک پاکستان کو مفت علاج معالجے کی سہولت میسر ہے اور مستحق کارکنوں کی مالی مدد کی جا رہی ہے۔ قیام پاکستان کے بعد استحکام پاکستان کے ہر مرحلے پر نوائے وقت کا کردار ایک قومی اخبار سے بڑھ کر قومی رہنما کا رہا ہے۔ نوائے وقت کی موجودہ ایڈیٹر محترمہ رمیزہ نظامی صاحبہ نوجوان صحافی بھی ہیں اور ادارہ نوائے وقت کے ذریعے وطن عزیز کے نظریاتی محاذ کی نگہبانی میں جانفشانی سے اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ نوائے وقت نے کارکنان تحریک پاکستان کی فلاح وبہبود کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں اور ہمیشہ ان کارکنوں کی آواز اقتدار کے ایونوں تک پہنچائی۔ میں تحریک پاکستان کے جملہ کارکنان کی طرف سے نوائے وقت کی 80ویں سالگرہ پر محترمہ رمیزہ نظامی اور انکے رفکاء کار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مزید کامیابیوں کیلئے دعا گو بھی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن