ٹیم پر یقین تھا مخالفین کو ٹف ٹائم دیں گے:سہیل اختر
لاہور(حافظ محمد عمران /نمائندہ سپورٹس )لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر نے کہا ہے کہ جس طرح ٹورنامنٹ میں کم بیک کیا خوشی ہو رہی ہے ،اپنی ٹیم پر یقین تھا مخالفین کو ٹف ٹائم دیں گے۔ کرس لین کو پہلے موقع نہیں دیا جا سکا کیونکہ وہ بیمار تھے ،وہ میچ ونر ہیں اور مستقبل میں قابلیت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ میرے پاس اچھے باولرز ہیں لیکن بدقسمتی سے انجریز کا سیٹ بیک چل رہا ہے ،اگلے میچ تک باولرز ٹھیک ہو جائیں گے۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن چند اوورز بہتر کر لیتے تو رزلٹ حق میں آ سکتا تھا۔ ہمارے پاس سات باولرز ہیں اور ایک کپتان کے لیے یہ ایک اچھی بات ہوتی ہے ،ہمیں بس میدان میں تھوڑا سااچھا کھیل پیش کرنا ہو گا۔وہاب ریاض نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کسی کی بھی کھنچائی نہیں ہوگی ،ہم نے اچھا کھیلا ہے لیکن بد قسمتی سے اپنے پلان پر عمل نہ کرسکے ۔لاہور قلندرز کے مین آف دی میچ فخر زمان نے کہا کہ آخر تک نہیں لگا کہ میری فارم واپس آ گئی ہے، پلان یہی تھا کہ پہلے6 اوورز میں وکٹ نہیں گرنے دینگے۔ کوشش تھی آغاز میں سیٹ ہونے کی کوشش کروں اور پھر رنز بنائیں، ٹیم مینجمنٹ نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔ جس طرح فلاپ ہورہا تھا، اگر میں کپتان ہوتا تو فخر زمان کو کبھی اوپنر نہ بھیجتا، اس میچ میں بھی اوپنر بھیجنے کا فیصلہ کیا تو میں حیران تھا۔ کرس لین بیٹنگ کیلئے آئے تو اعتماد دیا اور خود چارج سنبھالنے کا کہا، ہمیں یقین تھا کہ ڈیوڈ ویزے فتح دلا دیں گے وہ بھی لمبے لمبے چھکے مار سکتے ہیں۔ ہر ٹیم مومنٹم سے چلتی ہے ہماری ٹیم کا مومنٹم بن چکا ہے، اب ایک دوسرے کو سمجھ رہے ہیں جس کا فائدہ ہو رہا ہے، ٹیم بہت ٹف ہو چکی ہے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔