• news

صوبوں کا معاملہ آسان نہیں: شاہد خاقان‘ شہباز کو واپس آنا چاہئے‘ خواجہ آصف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صوبوں کا معاملہ اتنا آسان نہیں ہے۔ آئینی ترمیم کیلئے دیگر جماعتوں سے رابطہ کرنا پڑے گا۔ آئینی ترمیم معمولی بات نہیں نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہئے۔ حکومت نے ابھی تک صوبے کے معاملے پر رابطہ نہیں کیا۔ جنوبی پنجاب صوبے کیلئے قرارداد ن لیگ نے پیش کی تھی۔ صابر شاہ نے گلے شکوؤں کے سوا کوئی بات نہیں کی۔ پارٹی میں سب کو بات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ محسن رانجھا اور صابر شاہ اپوزیشن کے کردار سے مطمئن نہیں۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ابھی تک آٹا اور چینی مافیاز کی رپورٹ کیوں نہیں منظر عام پر لائی گئی، اس لئے کہ ڈیڑھ سو ارب جنہوں نے لوٹا ہے، وہ عمران خان کے پروں کے نیچے بیٹھے ہیں ، عمران خان نے انہیں پناہ دی ہوئی ہے۔ حکومت ڈیڑھ سال سے شریف برادران پر تنقید کرکے حکمرانی کر رہی ہے ، ملک کے اندر مہنگائی ، بے روزگاری کہاں چلی گئی ہے ، معیشت کا کیا حال ہوگیا ہے ،گورننس کرنے کے بجائے یہ شریف خاندان کے خلاف اپنی تنقید کاراگ الاپتے رہتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ شہباز شریف کو واپس آنا چاہئے۔ ان کی غیرموجودگی کی وجہ سے اخبارات کو خبریں بنانی پڑ رہی ہیں۔ ان باتوں کا خاتمہ شہباز شریف کی واپسی سے ہی ہو سکتا ہے۔ شہباز شریف جب واپس آئیں گے تو سارا ماحول بدل جائے گا۔ ن لیگ میں کوئی گروہ بندی نہیں۔ حتمی فیصلہ نواز شریف کا ہونا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن