• news

آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی واپسی کا عمل 16مارچ سے دوبارہ شروع ہو گا

پشاور(آئی این پی ) پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پی کینے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی واپسی دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ، پہلے مرحلے میں میرانشاہ سے متصل ماچس گاوں کے 496 متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا عمل 16مارچ سے 19مارچ تک جاری رہے گا۔۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متا ثرین بکا خیل کیمپ کے پاس موجود واپسی مرکز میں رجسٹریشن کرائیں گے اور رضاکارانہ واپسی فارم پر دستخط کریں گے جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر 150خاندان روانہ ہوں گے اور چار روز میں ان کی واپسی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق واپس جانے والے ہر خاندان کو ٹرانسپورٹ کے لئے 10 ہزار جب کہ 25ہزار روپے بطور امداد دیئے جا ئیں گے۔ اس کے علاوہ ہائی جین کٹ، گھریلو استعمال کی غیر غذائی اشیا اور 6 ماہ تک اپنے علاقے کے اندر راشن بھی دیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پرویز خان ثبت خیل نے ماچس گائوں کے تمام متائثرین خاندانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کروائیں اور رضاکارانہ واپسی فارم کو پر کریں جس کے لئے بکا خیل کیمپ کے پاس واپسی مرکز میں پی ڈی ایم اے کا عملہ موجود رہے گا تاکہ واپسی کا عمل بطریق احسن مکمل ہو سکے اور واپس جانے والے متائثرین خاندانوں کو حکومت کی طرف سے دی جانے والی مراعات انہیں مل سکے۔

ای پیپر-دی نیشن