نوائے وقت 80 برس سے نظریہ پاکستان کے محافظ کا کردار ادا کر رہا ہے: وزیراعلیٰ سندھ
اسلام آبا د (سپیشل رپورٹ ) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے 80 سال مکمل ہونے پر پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے نوائے وقت کی جدوجہد کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ جو 80 سال سے نظریہ پاکستان کے محافظ کا کردار نہایت عمدگی سے ادا کررہا ہے یہ بات سب کے لئے اہمیت کی حامل ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 23 مارچ 1940ء کو مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے نوائے وقت کے اجراء کی ہدایت کی تھی اور نوائے وقت کے بانی حمید نظامی نے اس عظیم الشان اخبار کی شمع جلائی اور بے باک صحافت کا نیا باب قلمبند کیا۔ نوائے وقت اور نظامی خاندان کی صحافت کے لئے گرانقدر خدمات اب تاریخ کا حصہ ہیں جنہیں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔ اس وقت رمیزہ نظامی اس ادارے کو ترقی کے نئے سنگ میل عبور کرانے کے لئے پرعزم نظر آتی ہیں۔ اس بات میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے کہ نوائے وقت نے نہ صرف نظریہ پاکستان کے محافظ کا کردار ادا کیا ہے بلکہ کشمیریوں کا مقدمہ بھی بھرپور انداز سے لڑا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ مشکل ادوار میں بھی نوائے وقت نے نہ صرف قوم کا حوصلہ بلند رکھنے میں شاندار اور بے مثال کردار ادا کیا بلکہ حکمرانوں کی اہم فیصلوں کے حوالے سے رہنمائی بھی کرتا رہا اور اب 80 سال مکمل ہونے کے بعد آنے والے ادوار کے حوالے سے میں اس توقع کا اظہارکرتا ہوں کہ نوائے وقت ذمہ دارانہ صحافت کی اپنی درخشندہ روایات کو برقرار رکھے گا اور مستقبل میں بھی عوام کو باخبر رکھنے کے ساتھ ساتھ قوم کی قیادت کرنے والوں کی قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کے مطابق رہنمائی کرتا رہے گا۔