نواز شریف، مریم کی درخواست کی ایک ساتھ سماعت، ہائیکورٹ نے دلائل طلب کر لئے
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف اور مریم نوازکی درخواستوں کی اکٹھے سماعت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کی درخواستوں کی سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل کومعاونت کیلئے طلب کیا تھا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے کہا کہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے مقدمات ایک ہی نوعیت کے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ دونوں درخواستوں کو اکٹھا سنا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ جب نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں دی جا رہی تو مریم کو کس طرح جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ عدالتی استفسار پر مریم نوازکے وکیل نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کے معاملے کو چیلنج کرنے کیلئے درخواست کی تیاری جاری ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حکومتی فیصلے کو چیلنج نہیں کیا گیا تو مریم نواز کی درخواست کس طرح قابل سماعت ہے۔ کیا نواز شریف اور مریم نواز کی درخواستوں کو اکٹھا سماعت کر لیا جائے۔ مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ دونوں کی درخواستیں مختلف ہیں لہذا الگ الگ سماعت کی جائیں، عدالت نے دونوں درخواستوں کو اکٹھا سماعت کرنے کے معاملے پر دلائل طلب کر لئے۔