کرونا: پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی، سعودی عرب لاک ڈاؤن
اسلام آباد/ لاہور/ جدہ/ ووہان/ واشنگٹن (امیر محمد خان/ شنہوائ/ نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان میں کرونا کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ہے۔ شگر کا اکتیس سالہ رہائشی چند روز قبل ایران سے واپس لوٹا تھا۔ مریض کو آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ مریض کی عمر 31 سال ہے اور وہ شکر گا رہائشی ہے۔ حالیہ کیس منظر عام پر آنے کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراقی نے بتایا کہ شہری کو سکردو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ شہری چند دن قبل ایران سے واپس آیا تھا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایک ہسپتال میں دو افراد کو کرونا وائرس کے شبہ میں لایا گیا تھا تاہم ٹیسٹ کے دوران ان میں اس مرض کی تصدیق نہیں ہوئی۔ پنجاب کابینہ نے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کیلئے ایک ارب روپے فنڈز کی منظوری بھی دی۔ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی۔ پنجاب کابینہ کی جانب سے منظور فنڈز کرونا وائرس سے بچائو کیلئے اقدامات میں استعمال ہوں گے۔ مختلف تکنیکی کمیٹیوں سے کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کیلئے سفارشات بھی مانگ لی گئی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا وائرس سے متعلق چین کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ پنجاب حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کر رہی ہے۔ 5 ایئر پورٹس پر ویجیلنس بڑھا دی گئی۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا مصافحہ سے گریز اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ غیر ضروری آمدورفت سے گریز کیا جائے۔ پنجاب کے 3 ہسپتالوں میں تیاری کرلی گئی ہے۔ سعودی عرب نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنے شہریوں اور یہاں کام کرنے والے لاکھوںغیرملکی افراد کی حٖفاظت کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور یورپی یونین سمیت 39 ممالک کے سفر پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کے تحت وہ افراد جو یہاں عمرہ یا زیارتی ویزوں پر آئے تھے نیز وہ افراد جو یہاں کے ورک پرمٹ ( اقامہ) رکھتے ہیں اور پاکستان چھٹیوں پر گئے ہوئے ہیں انہیں فوری آگاہ کیا گیا کہ وہ 72 گھنٹوں میں سعودی عرب آجائیں تاکہ انکی مدت ملازمت اور اقامہ، و خروج میعاد ختم نہ ہو۔ 72 گھنٹوں بعد امید ہے کہ آمد و رفت بند کردی جائے گی۔ وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے مزید ایسے ممالک جہاں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر عارضی سفری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مکہ اور مدینہ میں زیارتوں اور عمرہ پر پابندی لگاتے ہوئے شہریوںاور مقیم افراد کو اجتماعات کرنے، یہاں تک کہ شادی بیاہ کی تقریبات کو بھی معطل کرنے کا عندیہ دیا ہے جہاں لوگوںکے اجتماع سے وائرس کو فروغ ملنے کا اندیشہ ہے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عالمی ادارہ صحت کو ایک کروڑ ڈالرز کا عطیہ دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے روک تھام کیلئے اپنی کوششوں کو بھر پور استعمال کریں۔ ادھر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے مقیم تمام پاکستانیوں سے کہاکہ اگر انہیں سعودی ویزہ رکھنے والے اپنے اہل خانہ کو اگر پاکستان سے سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق کسی قسم کی کوئی دشواری ہے تو وہ سفارت خانہ ریاض اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سے فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔ کل مسجد الحرام کے امام عبدالرحمان السدیس نے نماز عشاء کے بعد مسجد حرم الحرام میں ہزاروں افراد سے خصوصی خطاب کیا اور کہا کہ ہم ایسے اقدامات کریں۔ زائرین دنیا بھر سے آتے ہیں اس لئے وقتی طور پر عمرہ کی ادائیگی کو روکا گیا ہے تاکہ زائرین کو روک کر کرونا وائرس سے بچا جاسکے۔ امام کعبہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی سعودی عرب سمیت پوری دنیا کو کرونا وائرس سے محفوظ فرمائے۔ جدہ میں بازاروں میں افراد کا رش کم ہے اور لوگ صرف اپنے ضروری کاموںکیلئے یا خریداری کیلئے مارکیٹ جارہے ہیں۔ چین میں نوول کرونا وائرس دم توڑنے لگا تاہم عالمگیر وباء قرار دیا جانے والا یہ مرض دنیا کے دیگر ممالک کو مسلسل اپنے اثرات میں جکڑ رہا ہے۔ وائرس کے پھیلائوکے باعث عالمی معیشت بری طرح متاثر ہوئی، طلب و رسد میں کمی اور دیگر عوامل سے عالمی منڈیوں میں بحران پیدا ہوگیا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار ٹام ہینکس اور انکی اہلیہ میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کے باعث عالمی تجارتی تنظیم کی 12 ویں وزراتی کانفرنس منسوخ کردی گئی۔ چین نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں وبائی کرونا وائرس مرض کا حالیہ پھیلنے کا عروج ختم ہو گیا ہے۔ آئیوری کوسٹ میں کرونا کے پہلے مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ جمعرات کو چینی محکمہ صحت نے کہا ہے کہ مین لینڈ پر بدھ کے روز نوول کرونا وائرس کے 15 نئے کیسز اور 11 اموات کی رپورٹ موصول ہوئی ہیں۔ قومی صحت کمیشن کے مطابق مرنے والوں میں 10 کا تعلق صوبہ ہوبے اور 1 ایک تعلق شان شی صوبہ سے ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اسی دوران 33نئے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح بدھ کو 1ہزار 318 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا جبکہ شدید بیمار افراد کی تعداد 235 کم ہوکر 4ہزار 257 ہوگئی ہے۔ چینی مین لینڈ میں مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد بدھ کے اختتام تک 80 ہزار 793 تک پہنچ گئی ہے جن میں 14ہزار 831 مریض اب بھی زیر علاج ہیں، 62 ہزار 793 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد فارغ کیا گیا اور 3ہزار 169 افراد بیماری کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ 2سو 53 افراد کے تاحال وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔ ادھر امریکا نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے سوا تمام دیگر یورپین ممالک کیساتھ 30 دنوں کے لئے تمام سفری روابط معطل کرے گا۔ یہ اقدام نوول کرونا وائرس کے مزید پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ ان پابندیوں کا اطلاق جمعہ کو نصف شب کے بعد ہوگا اور زمینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بعدازاں اس میں تبدیلی لائی جائے گی۔ یہ بات صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے 11منٹ کے خطاب میں کہی۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم وائرس کے خلاف جنگ کے ایک اہم وقت سے گزر رہے ہیں۔ اس وائرس سے 1ہزار سے زائد امریکی شہری متاثر ہوئے ہیں اور ملک بھر میں وائرس کی وجہ سے کم ازکم 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ نوول کرونا وائرس کے دنیا بھر میں پھیلنے کی وجہ سے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی12 ویں وزراتی کانفرنس منسوخ کردی گئی ہے۔ یوٹاہ جاز کے کھلاڑی کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے تاحکم ثانی اپنا سیزن معطل کردیا۔ لیگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات کے شیڈول میچوں کے اختتام پر این بی اے کھیلوں کے مقابلے تا حکم ثانی معطل کررہا ہے۔ جاپان میں نوول کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 624 ہو گئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 22 ہے۔ جمعرات کے روز نوول کرونا وائرس کے ایک نئے کیس کی تصدیق مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔گھانا کے صدر نانا اڈو ڈانکوا اکوفو اڈو نے نوول کرونا وائرس کیخلاف اقدامات کیلئے 10 کروڑ امریکی ڈالر مختص کردئیے ہیں۔ کیوبا کی وزارت عوامی صحت نے تین اطالوی سیاحوں میں نوول کرونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔ بھارت کی وفاقی وزارت صحت نے کہاہے کہ ملک میں جمعرات کو نوول کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے جو کہ گزشتہ روز 60 تھی۔ بھارت کی صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وفاقی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مریضوں میں سے 56بھارتی شہری اور 17غیر ملکی ہیں۔ الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام پرغیر ضروری بیرون ملک سفر اور بڑے اجتماعات نہ کرنے پر زور دیا ہے۔ بھارت نے بدھ کو تمام ویزے معطل کر دئے اور سفارتکاروں، سرکاری اہلکاروں، یواین اور عالمی اداروں، روزگار اور منصوبوں سے وابستہ اہلکاروں کو 15 اپریل تک سفر سے روک دیا ہے۔ ایران کے مرکزی بینک (سی بی آئی) نے نوول کرونا وائرس کی وبا سے مقابلے کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے5ارب ڈالر قرض مانگا ہے۔ تسنیم خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ بات جمعرات کو سینٹرل بینکر نے بتائی۔ ایران کے سینٹرل بینکر عبدالناصر ھمتی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اعلان کے مطابق اور ہمارے ملک میں کورونا وائرس کے وسیع پیمانے پر پھیلنے اور اس بیماری سے بچائو اور اس سے مرتب معاشی اثرات کو دور کرنے کے اقدامات کی ضرورت پر غور کرتے ہوئے ، ہم نے ہنگامی مالی اعانت سے فنڈ میں اپنے ملک کے کوٹہ کے مطابق تقریبا 5 ارب امریکی ڈالر کی درخواست کی ہے۔ ایران کی وزارت صحت وطبی تعلیم نے جمعرات کو اعلان کیاکہ ملک میں نوول کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10ہزار 75 ہے جن میں سے 429 ہلاک ہوئے ہیں۔ (ایف آئی اے) کے مطابق ایران سے تفتان سرحد کے ذریعے اب تک 6 ہزار سے زائد افراد پاکستان آ چکے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق پاکستانیوں کے ایران جانے پر پابندی عائد ہے جب کہ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ تمام ویزہ کیٹیگریز کو تفتان سے باہر جانے نہیں دیا جائے گا۔ ایران سے آنے والے 4 ہزار سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے تعلیمی ادارروں کے لیے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی۔ ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 20 دن قبل بیرون ممالک سے آنے والے بچوں کا سکول آنا ممنوع ہے اور ساتھ ہی طلبہ کے ایسے رشتے دار جنہوں نے 15 روز قبل بیرون ملک سفر کیا وہ بھی سکول نہیں آسکتے۔ ہیلتھ ایڈوائزری میں کہا گیا کوئی بھی طالبعلم یا سٹاف کا عملہ جس میں وائرس کی علامات ہیں تو ان کا سکول میں داخلہ منع ہے جب کہ سانس کے امراض میں مبتلا افراد بھی سکول میں داخل نہیں ہوسکتے۔ ہیلتھ ایڈوائزری کے تحت تمام طلبہ کا ہجوم والی جگہوں پر جانا ممنوع ہے، طلبہ ایک دوسرے سے 3 فٹ کے فاصلے سے بیٹھیں جب کہ صابن، سینیٹائزرز اور پانی کا استعمال کریں۔ ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق تعلیمی اداروں میں ہیلتھ ڈیسک کا قیام ضروری ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کا دوسرا مریض بھی صحتیاب ہو گیا ہے۔ وفاقی حکومت کو ائر پورٹس پر قرنطینہ کی سہولت قائم کرنے کا کہا ہے ابھی تک وفاق سے کوئی جواب نہیں آیا۔ گورنر سندھ وزیراعظم سے گزشتہ روز ملے ہیں مگر وزیراعلیٰ سے رابطہ نہیں ہوا گزشتہ رات ائر پورٹ سے تین افراد کو اوجھا کیمپس منتقل کیا گیا ۔ائر پورٹس پر کام کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری نہیں ہم رضا کارانہ کام کر رہے ہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر بی این پی پیری بس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اقدام کو چیلا ویلی کے علاقے میں کرونا وائرس کے ایک کیس کی تصدیق ہونے کے بعد کیا گیا۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام بی این پی پیری بس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 32 واں ایڈیشن امریکی ریاست کیلی فورنیا میں شروع ہونا تھا جو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث جاری خطرے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ہیرو انڈین اوپن گالف ٹورنامنٹ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث جاری خطرے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ چین کے سینئر میڈیکل ایڈوائزر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے جون تک ختم ہونے کے امکانات ہیں۔ دوسری جانب چینی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ چین وائرس کی بدترین صورتحال سے باہر آ گیا ہے۔ سندھ کابینہ نے گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کابینہ نے گرمیوں کی چھٹیاں یکم مارچ تا 30 مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تعلیمی ادارے یکم جون سے کھلیں گے۔ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے۔