ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ شعبے تعاون پر تیار رہیں: جنرل باجوہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خطے کے امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے ہو کر گزرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے 230 ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ جی ایچ کیو میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں آپریشنل تیاری، کنٹرول لائن کی صورتحال، جیو سٹرٹیجک ماحول، علاقائی سلامتی، بالخصوص افغان امن عمل اور کرونا وائرس ’’کووڈ۔19‘‘ سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ افغان امن عمل کے حوالہ سے آرمی چیف نے کہا کہ مربوط اپروچ اور صبر و استقامت کے ساتھ چیلنجوں پر قابو پایا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں پاکستان انتہائی خلوص کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہے۔ شرکاء نے کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور اس کی روک تھام کیلئے فوج کی سطح پرکیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی قومی کوشش میں تعاون کیلئے تمام متعلقہ شعبے تیار رہیں۔