نوائے وقت نے تحریک پاکستان کے مقاصد آگے بڑھانے میں تاریخی کردار ادا کیا: شاہ محمود
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قرارداد پاکستان کے اسی (80) سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن حاصل کر کے یہاں کے مسلمانوں پر ایک احسان کیا تھا۔ قائداعظم نے کانگریس اور ہندو لیڈر شپ کے عزائم بھانپ لیے تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے بعد مسلمان ہندو راج کے غلام بن کر رہ جائیں گے۔ اسی لیے انہوں نے 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان منظور ہوتے ہی تحریک پاکستان کا آغاز کر دیا تھا۔ مسلمانوں کوتحریک پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنے کے لیے بانی پاکستان نے مرحوم حمید نظامی کو نوائے وقت کے اجراء کی ہدایت دی۔ نوائے وقت نے تحریک پاکستان کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ قیام پاکستان کے بعد حمید نظامی مرحوم کے بھائی مجید نظامی نے نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے ویژن کے فروغ کے لئے نوائے وقت کا مشن جاری رکھا۔